پاکستان کی پہلی ہینڈ میڈ اینی میٹڈ فلم"دی گلاس ورکر"آسکر کے لیے نامزد
عثمان ریاض کی ڈائریکشن میں بننے والی فلم بین الاقوامی فیچرفلم کیٹیگری کے لیے نامزد ہوئی ہے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)پاکستان کی پہلی ہینڈ میڈ اینی میٹڈ فلم "دی گلاس ورکر" آسکر ایوارڈز 2025ء کے لیےبہترین بین الاقوامی فیچر فلم کی کیٹیگری کے لیے نامزدہوگئی۔
آسکرکے لیے نامزدگی کااعلان اس فلم کے ہدایت کار عثمان ریاض نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ پر کیا ہے۔
عثمان ریاض نے اپنی پوسٹ میں لکھاکہ ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ "دی گلاس ورکر"کو پاکستان سے 2025ء کے آسکر ایوارڈز میں بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کی کیٹیگری میں نامزد کرنے کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔
عثمان ریاض نے مزید لکھاکہ یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان سے ہاتھ سے بنی ہوئی 2 ڈی اینی میٹڈ فلم کو اس باوقار اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ غیبلی اسٹوڈیو سے متاثر ہو کر بنائی گئی اس اینی میٹڈ فلم میں ایک نوجوان ونسنٹ اور اس کے والد ٹامس کی اصل کہانی بیان کی گئی ہے جو ملک میں شیشے کی بہترین ورکشاپ چلاتے ہیں اور اپنی زندگی کو آنے والی ایسی جنگ میں مبتلا پاتے ہیں جس میں وہ خود بالکل بھی حصّہ نہیں لینا چاہتے،پھرایک فوجی کرنل اور اس کی نوجوان باصلاحیت وائلنِسٹ بیٹی ایلیز کی قصبے میں آمد ان دونوں باپ بیٹے کے رشتے کی حقیقت کو ہلا کر رکھ دیتی ہے اور باپ بیٹے کے رشتے کو سخت امتحان میں ڈال دیتی ہے۔
فلم "دی گلاس ورکر" رواں سال 26 جولائی کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی۔