وزیراعظم شہباز شریف آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے

وزیر اعظم اپنے خطاب میں علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے، فلسطین، لبنان اور کشمیر کے مظلوم عوام کا مقدمہ دنیا کے سامنے رکھیں گے

Sep 27, 2024 | 09:38:AM

(اویس کیانی)وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس سے آج خطاب کریں گے۔

وزیر اعظم اپنے خطاب میں علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے، فلسطین، لبنان اور کشمیر کے مظلوم عوام کا مقدمہ دنیا کے سامنے رکھیں گے، اسلامو فوبیا اور موسمیاتی تبدیلیوں کا معاملہ بھی اٹھایا جائے گا، شہبازشریف متعدد بین الاقوامی اور علاقائی مسائل پر پاکستان کے نقطہ نظر کو اجاگر کریں گے۔

 وزیراعظم عالمی امن، سلامتی اور خوشحالی کو فروغ دینے میں اقوام متحدہ کے کردار کی حمایت کریں گے۔

 اہم خطاب سے قبل وزیراعظم کی نیویارک میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے،وزیرِاعظم کی برطانوی ہم منصب سرکئیراسٹارمر سے ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی اتفاق کیا،وزیراعظم نے برطانوی ہم منصب کو موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے پاکستان کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔


وزیراعظم شہباز شریف نے یورپی کمیشن کی صدر سے ملاقات میں مشترکہ اہداف کیلئے تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا،نیویارک میں اقوام متحدہ کے اجلاس کی سائیڈ لائنز پر وزیراعظم نے بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے بانی بل گیٹس سے بھی ملاقات کی،ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے پولیو کے خاتمے، ڈیجیٹلائزیشن اور مالی شمولیت کیلئے گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہا۔

وزیراعظم نے جنرل اسمبلی اجلاس کے سائیڈ لائن پر فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔


وزیراعظم نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی تعاون بڑھانے اور گیس پائپ لائن پراجیکٹ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے ورکنگ گروپ پر اتفاق کیا۔


وزیراعظم شہبازشریف کی امریکی بینکاروں اورپاکستان بزنس کونسل کے عہدیداروں سے  بھی ملاقات ہوئی۔ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری، کاروبار کے فروغ سےمتعلق بات چیت ہوئی۔

کاروباری شخصیات سے ملاقاتوں سے متعلق وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑکا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے سے متعلق امور زیر غور  آئے۔ پاکستان میں امریکا کی سابق سفیر این پیٹرسن نے کہا کہ ملاقات مفید رہی۔

 وزیراعظم نے لیڈر شپ فار پیس مباحثے سے بھی خطاب کیا، اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو غزہ میں نسل کشی روکنے پر مجبور کرنا ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے نیپال کے وزیراعظم نے نیویارک میں ملاقات کی ہے،شہباز شریف نے نیپالی وزیراعظم کو وزارت عظمی سنبھالنے پر مبارکباد دی، وزیراعظم شہبازشریف کی نیپال کے وزیراعظم کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی ،دونوں رہنماؤں  نے دو طرفہ اور علاقائی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزیدخبریں