ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ ، قومی ٹیم کی آج پریکٹس ، کل پہلا وارم اپ میچ ہو گا

Sep 27, 2024 | 11:38:AM

(24 نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر انتظام  کھیلےجانیوالےویمن ٹی20 ورلڈ کپ کیلئےپاکستانی ٹیم آج دبئی کی آئی سی سی اکیڈمی میں پریکٹس کرے گی جبکہ کل سکاٹ لینڈ کیخلاف  پہلا وارم اپ میچ کھیلے گی ۔

آئی سی سی ٹورنامنٹ 3 اکتوبر سے دبئی اور شارجہ میں شیڈول ہے ، قومی ویمن ٹیم 30 ستمبر کو بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے وارم اپ میچ کیلئے میدان میں اترے گی۔سابق کپتان اور ساتواں ورلڈ کپ کھیلنے والی ندا ڈار نے کہا ہے کہ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کی اچھی تیاری کی ہے، ملتان میں جنوبی افریقہ  کے خلاف سیریز سے میگا ایونٹ کی تیاری کا موقع ملا۔

ندا ڈار نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں گرمی ہے جو پاکستان کی کنڈیشن کے مطابق ہے، یہاں کی وکٹیں سپنرز کو مدد کریں گی، کوشش ہو گی کہ ورلڈ کپ میں ٹیم اچھے نتائج دے، ہمارے پاس سعدیہ اقبال، نشرح سندھو جیسی اچھی سپنرز ہیں اور میں خود بھی سپن بولنگ آل راؤنڈر ہوں، ورلڈ کپ سے قبل وارم اپ میچز سے بھی تیاری کو مدد ملے گی۔

 فاسٹ بولر ڈیانا بیگ نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل فٹنس کیمپ لگا تھا جہاں فٹنس پر اچھا کام ہوا، ملتان میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز اچھی رہی جس سے ورلڈ کپ کی تیاری ہوئی، فاسٹ بائولر کوچ جنید خان کے ساتھ فاسٹ بولنگ یونٹ بہتر ہو رہا ہے۔

خیال رہے کہ ویمن ٹی ٹونٹی  ورلڈ کپ 3 اکتوبر سے دبئی اور شارجہ میں کھیلا جائے گا، 10 ٹیموں کے درمیان 23 میچز کھیلے جائیں گے۔

 
 

مزیدخبریں