یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کیجانب سے ایم ڈی کیٹ 2024 کے نتائج جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(زاہد چودھری) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) نے ایم ڈی کیٹ 2024ء کے نتائج جاری کر دیئے۔
پنجاب کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے لیے 22 ستمبر کو ہونے والے ٹیسٹ میں 56 ہزار 519 امیدواروں نے حصہ لیا، جن میں سے 48 ہزار 51 امیدواروں نے 55 فیصد سے زائد نمبر حاصل کیے جبکہ 51 ہزار 18 امیدواروں نے 50 فیصد سے زائد نمبر حاصل کیے، زیادہ سے زیادہ حاصل کردہ نمبر 200 میں سے 199 یعنی 99.50 فیصد رہے، پہلی پوزیشن 2 طالبات زینب منیر اور اقراء محمد اعظم نے مشترکہ طور پر حاصل کی، دونوں نے ہی 199 نمبر حاصل کیے۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ میں پاس مارکس 55 فیصد ہیں جبکہ ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے لیے 50 فیصد پاس مارکس درکار ہیں۔ نتائج یو ایچ ایس کی ویب سائٹ www.uhs.edu.pk پر دستیاب ہیں جہاں امیدوار اپنا رول نمبر اور نام ڈال کر رزلٹ ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ کا شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی کو ایم ڈی کیٹ کا سوالنامہ اپلوڈ کرنے کا حکم
وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور نے ایم ڈی کیٹ کے کامیاب انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سٹاف کا شکریہ ادا کیا اور سٹاف کے لیے اعزازیہ کا اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ نہایت شفاف اور پُرامن طریقے سے ایم ڈی کیٹ کا انعقاد کروایا، کامیابی پر اللّٰہ کا شکر ادا کرتے ہیں، فیکلٹی، سٹاف اور سٹوڈنٹس نے مل جل کر محنت اور دیانتداری سے کام کیا۔