(24نیوز)اسلام آباد میں سابق وزیراعظم نواز شریف ،صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر)صفدر کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں ۔ مریم نواز کے وکیل کی استدعا پر سماعت ایک ماہ تک معطل کردی گئی ۔نیب کے وکیل عدالت سے غیر حاضر ۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کیا نیب کو کورونا ہو گیا ہے ؟؟ کہا اگر کسی کو نمائندہ مقرر کرنا ہے تو خواجہ حارث کو کردیتے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کپٹن (ر )صفدرکی اپیلوں پر سماعت کی۔جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ نیب موجود ہی نہیں؟ نیب نے ہی تو درخواست دی تھی،جس پر وکیل نے جواب دیا کہ ان کو کورونا ہو گیا ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا کیا نیب کو کورونا ہو گیا ہے؟ اگر عدالت نے نمائندہ مقرر کرنا ہے تو خواجہ حارث کو کر دیتے ہیں۔خواجہ حارث کو تو یہ سارا کیس معلوم ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے مزید ریمارکس دئیے کہ اس حوالے سے سوچ لیں، پھر عدالت کو آگاہ کریں۔ہم نیب سے بھی یہ پوچھیں گے کہ انکا کیا موقف ہے۔ عدالت نے مریم نواز اور کپٹن ریٹائرڈ صفدر کے وکیل امجد پرویز کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا منظور کرلی بعدازاں کیس کی سماعت مئی کے آخری ہفتے تک ملتوی کردی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کا قاضی فائز عیسیٰ معاملے پر جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ
دوسری جانب مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی ضمانت منسوخی اور ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ضمانت کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کے بنچ کی عدم دستیابی کی وجہ سے سماعت نہیں ہوسکی۔لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل بنچ نے مریم نواز کیخلاف نیب کی اور ان کی شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی نیب کیخلاف الگ الگ درخواستوں پر سماعت کرنا تھی لیکن بنچ کی عدم دستیابی پر مقدمات کی فہرست منسوخ کر دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کی ’’باپ ‘‘سے دوریاں بڑھنے لگیں
واضح رہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر عبوری ضمانت پر ہیں اور ہائیکورٹ نے انہیں گرفتار نہ کرنے حکم دیا ہوا ہے جبکہ نیب نے مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے اور مریم نواز نے اپنے جواب میں نیب کی درخواست کو بلاجواز قرار دیا ہے جبکہ مریم نواز کے شوہر اپنے خلاف ذرائع آمدن سے زیادہ کے اثاثے بنانے کی انکوائری کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہوا ہے۔