8 سے 10 ہفتوں میں موجودہ حکومت کو چلتا کردینگے، فوادچودھری کا دعویٰ

Apr 28, 2022 | 22:47:PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ 8 سے 10 ہفتوں میں موجودہ حکومت کو فارغ کر کے دکھائیں گے، دھرنے سے پہلے اور بہت کچھ ہونا ہے۔
پنڈ دادن خان میں افطار ڈنر کے بعد میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے اپنی جماعت مسلم لیگ (ن) میں ضم کر دی ہے، اگر وطن سے محبت آئین شکنی ہے تو تحریک انصاف کا ہر کارکن غدار ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہیں، عمران خان آج چیف جسٹس اور صدر پاکستان کو ایک لیٹر لکھ رہے ہیں، ہم نے جو لیٹر لکھا تھا اس پر کمیشن ابھی تک نہیں بنا ہے، ان کرداروں کا سامنے آنا بہت ضروری ہے اور ان کو سزا دینا بھی ضروری ہے۔فواد چودھری نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جو لوٹوں کے خلاف ریفرنس کی سماعت شروع کی ہے اس کو جلد مکمل ہونا چاہئے۔
قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کے عوام کی غیرت اور خود مختاری کی بات کی، چور جماعتوں کو این آر او نہیں دیا۔قاسم سوری نے کہا کہ میں نے مراسلہ چیف جسٹس کو بھیجا ہوا ہے، 22 کروڑ عوام مطالبہ کرتی ہے اس پر آزاد کمیشن بنایا جائے، نوجوان اس امپورٹڈ حکومت کو نہیں مانتے ہیں۔
سابق معاون خصوصی زلفی بخاری کا کہناتھا کہ آزادی اگر چھین کر لینا پڑی تو بھی لیں گے۔زلفی بخاری نے کہا کہ جو انسان حق و باطل کے درمیان فیصلہ نہ کرسکے وہ مرا ہوا انسان ہوتا ہے، عید کے بعد پنڈ دادن خان کے عوام سے اپیل ہے کہ وہ عمران خان کی کال پر اسلام آباد پہنچیں۔

یہ بھی پڑھیں: نیب تحقیقات پر فرح خان بھی بول پڑیں

مزیدخبریں