الیکشن نہ ہوئے تو آئین ٹوٹے گا، آئین ٹوٹا تو پھر طاقتور کی بات چلے گی:عمران خان

Apr 28, 2023 | 09:59:AM

This browser does not support the video element.

(احتشام کیانی) عسکری حکام پر الزامات کے تناظر میں اپنے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس میں پیشی کیلئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان زمان پارک لاہور سے اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئے جہاں کمرہ عدالت میں انہوں نے غیررسمی گفتگو کی۔انہوں نے کہا ہے کہ الیکشن نہ ہوئے تو آئین ٹوٹ جائیگا،آئین ٹوٹا تو پھر طاقتور کی بات چلے گی۔

اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر 14 مئی کی تاریخ گزر گئی تو آئین ٹوٹ جائے گا، جنرل باجوہ نے ہم پر چوروں کا ٹولہ مسلط کیا، انہیں کوئی سمجھانے والا نہیں کہ پارلیمنٹ نہیں آئین سپریم ہوتا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ  اصل میں ان کو اسٹیبلشمنٹ لے کر آئی تھی، ہم نے چار حلقے کھولنے کا کہا اڑھائی سال لگ گئے، اسکے بعد عدالتوں کے ذریعے حلقے کھلےتو  تمام میں دھاندلی تھی۔

عمران خان نے کہا کہ اگر اسمبلی فوری توڑی جائے تو پھر مذاکرات ہو سکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈرٹی ہیری نے مجھے دو بار قتل کرنے کی کوشش کی، میں اگر ڈرٹی ہیری پر بات کرتا ہوں تو مجھ پر مقدمات بنا دیے جاتے ہیں، چودہ مئی کو الیکشن نہیں ہوتے تو آئین ٹوٹ جائے گا اور اگر آئین ٹوٹ گیا تو پھر جس کا بھی زور ہوگا اسی کی بات چلے گی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے یاد دہانی کروائی کہ ہم نے ہمیشہ سپریم کورٹ کے سب فیصلے مانے ہیں، ہم آئین کیساتھ کھڑے ہیں اور پی ڈی ایم اس کے خلاف، ہمارا اس سے کوئی موازنہ نہیں۔

اس موقع پر عمران خان نے  جنرل باجوہ اور کشمیر سے متعلق حامد میر کے بیان پر جواب تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس سے بھی زیادہ چیزیں پتہ ہیں مگر یہ نیشنل سیکیورٹی کا مسئلہ ہے، میں نہیں چاہتا کوئی انٹرنیشنل خبر بن جائے اور ملک کا نقصان ہو ۔

یہ بھی پڑھیے: بغاوت پر اکسانے کا کیس، عمران خان کی 3 مئی تک کی عبوری ضمانت منظور

عمران خان نے شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدی کی موجودگی میں کہا کہ ان دونوں صاحبان سے کہہ چکا ہوں کہ اگر حکومت فوری اسمبلی توڑ کر الیکشن کرانا چاہتی ہے تو ہی بات کریں اگر وہ دوبارہ وہی ستمبر اکتوبر کی بات کرتے ہیں تو کوئی ضرورت نہیں، اب بال حکومت کے کورٹ میں ایک دن الیکشن کرانے ہیں تو کرائیں.

خیال رہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی لاہور ہائیکورٹ سے حاصل کردہ حفاظتی ضمانت 26 اپریل کو ختم ہوچکی ہے۔

چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان کیخلاف مجسٹریٹ کی مدعیت میں تھانہ رمنا میں مقدمہ درج ہے۔

دوسری جانب عمران خان کی پیشی کے حوالے سے دارالحکومت اسلام آباد کی کیپٹل پولیس نے ٹریفک پلان جاری کردیا۔

کیپٹل ٹریفک پولیس کے مطابق اسلام آباد کے جی ٹین پروجیکٹ موڑ اور عون محمد رضوی روڈ پر متبادل راستہ ہوگا۔

کیپٹل ٹریفک پولیس نے ہدایت کی ہے کہ شہری پریشانی و زحمت سے بچنے کیلئے متبادل راستوں کا انتخاب کریں۔

مزیدخبریں