رسالپورپاسنگ آؤٹ پریڈ ،جلد ملک کے معاشی حالات بہتر ہوں گے:وزیر اعظم

Apr 28, 2023 | 10:07:AM

Read more!

(ویب ڈیسک) رسالپور میں پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں پاسنگ آؤٹ پریڈ جاری ہے۔وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اس وقت دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں سمیت بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے اور پاکستان کو معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، یقین دلاتا ہوں معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے ہرکوشش کی جائے گی اور جلد ملک کے معاشی حالات بہتر ہوں گے۔

وزیراعظم نے گارڈز آف آنرز کا معائنہ کیا اور کیڈٹس کو اعزازات سے نوازا ،شہباز شریف پی اے ایف اکیڈمی میں خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ تمام ملکوں سے دو طرفہ مفادات کی بنیاد پر مثبت تعلقات چاہتے ہیں، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کا قیام ناممکن ہے، بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کررہا ہے، بھارت نے اگست 2019 سے کشمیرکو جیل میں تبدیل کررکھا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کے لیے ہمسائیہ ملکوں کے ساتھ مل کرکوشش جاری رکھیں گے جب کہ قیام امن کی ہماری خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

وزیر اعظم نے اس موقع پر پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دی اور ان کے والدین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ ہر طرح کے چیلنج میں سرخرو ہوکر ملک کا نام روشن کیا ہے اور  ملکی دفاع میں اہم کردار ادا کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کوبیجز لگائے۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف ٹرافی فار بیسٹ پرفارمنس ان جنرل سروس ٹریننگ ونگ انڈر آفیسر اجلال کریم خان نے حاصل کی جبکہ ایڈمن اینڈ سپیل ڈیوٹی کورس میں چیف آف دی ایئر اسٹاف ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ فیضان سعیدکوملی۔

اسی طرح 103 ویں ایئر ڈیفنس کورس میں بہترین کارکردگی پر چیف آف دی ایئر اسٹاف ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ بلال رضا، کامبیٹ سپورٹ کورس میں شاندار کارکردگی پر ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ حافظ علی حسن اور انجینئرنگ ڈسپلن میں بہترین کارکردگی پرٹرافی پاکستان نیول کیڈٹ سارجنٹ اماد الدین کےحصے میں آئی۔
چیف آف دی ایئر اسٹاف بیسٹ پائلٹ ٹرافی محمدشرجیل الرحمان نےحاصل کی۔ ایروناٹیکل انجینئرنگ میں اعزازی شمشیر ایوی ایشن کیڈٹ ونگ انڈر آفیسرمحمد حسان ظفراور کالج آف فلائنگ ٹریننگ میں بہترین کارکردگی پر اعزازی شمیر ایوی ایشن کیڈٹ عبدالمنان حسن کو دی گئی۔
اس پروقار تقریب میں لڑاکا طیاروں نے فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کرکے حاضرین کا لہو گرمایا۔ پاک فضائیہ کےچاق وچوبند دستے نے وزیراعظم کوسلامی بھی پیش کی۔

مزیدخبریں