فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کا کانووکیشن،طالبات میں گولڈ میڈلز تقسیم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم اور گورنرپنجاب محمد بلیغ الرحمن نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے کانووکیشن میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی،طالبات میں گولڈمیڈلزتقسیم کئے گئے۔
کانووکیشن کے دوران ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کرنے والی طالبات سے اپنے شعبہ سے مخلص رہنے اور خدمت انسانیت کا حلف لیاگیا، گورنرپنجاب محمد بلیغ الرحمن اور نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے نمایاں طالبات کے درمیان گولڈمیڈلزتقسیم کئے، اس موقع پر وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے گورنرپنجاب محمد بلیغ الرحمن،نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم اور سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹراحمدجاویدقاضی کو یادگاری شیلڈزبھی پیش کیں۔
گورنرپنجاب محمد بلیغ الرحمان نےکانووکیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب ہونے والی تمام طالبات اوران کے والدین واساتذہ کو مبارکبادپیش کرتے ہیں، آج گریجوایٹس اس طبی درسگاہ سے علم کاخزانہ لے کرجارہے ہیں، آپ کی کامیابی اس ملک اور انسانیت کی کامیابی میں مضمرہے،پنجاب کی طبی درسگاہوں میں بچوں کے 100فیصدمیرٹ پر داخلے ہورہے ہیں،ہرانسان کی کامیابی اس کے اچھے کردارمیں پوشیدہ ہوتی ہے، آج کامیاب ہونے والی طالبات کو اپنے والدین اور اساتذہ کے شکرگزارہوناچاہئے، ماں باپ کی محنت کے بغیردنیامیں کوئی بچہ کامیاب نہیں ہوسکتا۔
گورنرپنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑاہونے کیلئے جدیدٹیکنالوجی اورعلوم سیکھنے ہوں گے، قرآن پاک میں اپناہرکام احسن طریقہ سے انجام دینے کو احسان سے تشبیہ دی گئی ہے، ہمیں اپنے ویژن اور مستقبل کاپتہ ہوناچاہئے، پنجاب کی جامعات کو ریسرچ پر خاص توجہ دینی چاہئے، سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے نمایاں خدمات سرانجام دینے پروائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعودگوندل کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے قافلے کی گاڑی کو حادثہ،ویڈیو بھی سامنے آ گئی
نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم کاکانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تمام گریجوایٹس کو اپنی پہلی منزل حاصل کرنے پر مبارکباددیتے ہیں، ایک اچھا ڈاکٹراچھاانسان بنے بغیر نہیں بن سکتا، نبی کریمؐ ہمارے لئے دنیا وآخرت کیلئے عظیم لیڈرہیں،انسان کو ہمیشہ اچھے خواب دیکھ کران کی تعبیرکیلئے محنت کرنی چاہئے، اس آڈیٹوریم کو کشمیرآڈیٹوریم کانام دے دیاگیاہے،بدقسمتی یہ ہے کہ ہماری 70فیصدبچیاں ڈاکٹری کے پروفیشن سے وابستہ نہیں، پاکستان میں خواتین ہرشعبہ میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہی ہیں یہاں سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کرنے والی طالبات کو میڈیکل پروفیشن سے جڑے رہنے کی اپیل کرتے ہیں۔
وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹرخالدمسعودگوندل کاکہنا تھا کہ تمام کامیاب ہونے والی طالبات کو مبارکبادپیش کرتے ہیں، فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی ڈاکٹرزآج پوری دنیامیں پاکستان کا نام روشن کررہی ہیں، یہاں سے کامیاب ہونے والی طالبات خدمت انسانیت کریں گی، گزشتہ75سالوں سے یہ ادارہ انسانیت کی خدمت کررہاہے، ڈاکٹرفاخرہ انورکو بیسٹ گریجوایٹ ہونے پر مبارکباددیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ، خطرے کی گھنٹی بج گئی
کانووکیشن میں سیکرٹری صحت ڈاکٹر احمد جاوید قاضی،وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل،وائس چانسلر پروفیسر کامران،سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عامر زمان خان،وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز،وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق ،رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹرندیم،پروفیسرمنزہ اقبال،ڈاکٹر عبدالوحید چودھری ،پروفیسر شمسہ ہمایوں ،پروفیسر طیب ، ڈاکٹر اکبر چودھری،ڈاکٹر شاہینہ منظور،پروفیسر نورین اکمل،فیکلٹی ارکان،والدین اور طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔