لکی مروت میں دہشتگردوں کا حملہ ناکام،7 دہشتگرد ہلاک، 3 جوان شہید
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے سیکیورٹی فورسز پر لکی مروت میں دہشت گردوں کے تینوں حملے پسپا کر دیئے۔ کمانڈر موسیٰ خان سمیت 7 دہشت گرد ہلاک جبکہ تین اہلکار دہشت گردوں کے ساتھ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع لکی مروت میں مختلف مقامات پر بہادری سے لڑتے ہوئے دہشت گردوں کے تین حملے مختصر وقت کے دوران ناکام بنا دیئے، لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی کے قریب موٹرسائیکل سوار خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں سے موثر انداز میں مقابلہ کیا، جس کے نتیجے میں 4 دہشت گرد مارے گئے، جس کے بعد لکی مروت کے علاقے امیرکلام اور تاجبی خیل میں دہشت گردوں کے ساتھ دو دیگر مقابلوں میں دہشت گرد کمانڈر موسیٰ خان سمیت 3 مزید دہشت گرد مارے گئے۔
ہلاک ہونے والے سات دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران نوشہرہ کے 40 سالہ نائب صوبیدار تاج میر، ایبٹ آباد کے 38 سالہ حوالدار ذاکر احمد اور ڈی آئی خان کے 29 سالہ سپاہی عابد حسین بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے آپریش کیا گیا، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں اور بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔