ایک سال میں کتنے لاکھ پاکستانی ملک چھوڑ گئے ؟ حیران کن اعدادوشمار سامنے آگئے

Apr 28, 2023 | 18:02:PM
ایک سال میں کتنے لاکھ پاکستانی ملک چھوڑ گئے ؟ حیران کن اعدادوشمار سامنے آگئے
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)1 سال میں 10 لاکھ پاکستانی ملک چھوڑ گئے، صرف ایک سال میں بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں 300 فیصد اضافہ ہوگیا۔

سالانہ اوسطً 2 سے ڈھائی لاکھ پاکستانی بیرون جاتے تھے، اب یہ تعداد بڑھ کر 1 ملین تک پہنچ گئی۔ اس حوالے سے رپورٹ کے مطابق غیر یقینی معاشی و سیاسی صورتحال، مہنگائی اور بے روزگاری سے پریشان لاکھوں نوجوان رزق کی تلاش میں سمندر پار چلے گئے۔

ذرائع کے مطابق روزگار کے حصول کے لئے بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں 3 گنا اضافہ ہوگیا ہے۔ گزشتہ سال دسمبر تک 7 لاکھ 65 ہزار نوجوان حصول روزگار کے لئے پاکستان چھوڑ کر جا چکے تھے، جبکہ رواں سال کے ابتدائی 4 ماہ میں مزید ہزاروں پاکستانی بیرون ملک چلے گئے۔

بیرون ملک جانے والوں میں ڈاکٹر، انجینئر، آئی ٹی ماہرین، اکاؤنٹنٹس، ایسوسی ایٹ انجینئر، اساتذہ، نرسز شامل ہیں، 92 ہزار سے زائد اعلی تعلیم یافتہ افراد بھی دیارغیر جا بسے۔

اس سے قبل 2020 میں 2 لاکھ 25 ہزار، جبکہ 2021 میں 2 لاکھ 88 ہز ار نوجوانوں نے بیرون ملک ملازمت کو ترجیح دی تھی۔ دسمبر 2022 تک 92 ہزار سے زائد گریجویٹس، ساڑھے 3 لاکھ تربیت یافتہ اور 3 لاکھ سے زائد غیرتربیت یافتہ نوجوان بیرون ملک گئے۔

بیرون ملک جانے والوں میں 5 ہز ار 534 انجینئرز، 18 ہزار ایسوسی ایٹ الیکٹریکل انجینئرز، اڑھائی ہزار ڈاکٹرز، 2 ہزار کمپیوٹر ماہرین، ساڑھے 6 ہزار سے زائد اکاؤٹنٹس، 2 ہزار600 زرعی ماہرین، 13 ہزار سپروائزر، 16ہزار منیجرز، 900 سے زائد اساتذہ، 12ہزار کمپیوٹر آپریٹر، 16سو سے زائد نرسز، 21 ہزار 517 ٹیکنیشنز،10 ہزار 372 آپریٹر، ساڑھے 8 ہزار پینٹرز، 783 آرٹسٹس، 5 سو سے زائد ڈیزائنرز شامل ہیں جبکہ 2 لاکھ 13 ہزار ڈرائیورز اور 3 لاکھ 28 ہزار مزدور بھی سمندرپار چل دیے۔

اعداد وشمار کے مطابق ایک سال میں 7 لاکھ 36 ہزار پاکستانی نوجوان خلیجی ممالک جبکہ 40 ہزار پاکستانی یورپی اور ایشیائی ممالک گئے۔ سب سے زیادہ 4 لاکھ 70 ہزار پاکستانی نوجوان سعودی عرب، 1 لاکھ 19 ہزار متحدہ عرب امارات، 77 ہزار عمان، 51 ہزار 634 قطر جبکہ 2 ہزار پاکستانی کویت گئے۔