(24 نیوز) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ادویات 14 سے 20 فیصد تک مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں روز ویلٹ ہوٹل، گندم کی خریداری اور ادویات مہنگی کرنے سمیت متعدد معاملات پر بات کی گئی۔
ای سی سی نے ایک بار کے لیے ادویات کی قیمتوں میں 14 سے 20 فیصد تک اضافے کی اجازت دے دی، ضروری اور جان بچانے والی ادویات مہنگائی کے 70 فیصد کے تناسب سے مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی یعنی ان ادویات کی خوردہ قیمت (پرچون قیمت) میں 14 فیصد تک اضافہ کیا جاسکے گا۔
اسی طرح عام دوائیں بھی مہنگائی کے 70 فیصد کے برابر مہنگی کرنے کی اجازت دی گئی ہے مگر ان کی قیمت میں 20 فیصد سے زیادہ اضافہ نہیں کیا جا سکے گا۔
ای سی سی نے ملک بھر کی 30 انتظامی اکائیوں میں پاسپورٹ پراسیسنگ سینٹرز کے قیام کے لئے 3 کروڑ 50 لاکھ روپے، امریکہ میں قائم روزویلٹ ہوٹل کے دوبارہ کھولے جانے کی سمری منظور کرلی۔ اس ضمن میں نیو یارک سٹی حکومت سے مذاکرات کے لئے چار رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ کمیٹی کی سربراہی سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن کریں گے، ہوٹل کے 1025 کمرے 200 امریکی ڈالرز یومیہ کے حساب سے دوبارہ کارآمد بنائے جائیں گے۔
اجلاس میں صوبہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے 23-2022 کے لئے گندم کی خریداری کے اہداف مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔ سندھ کے لیے 4000 روپے فی من قیمت پر 1400 میٹرک ٹن گندم کی خریداری، پنجاب کے لیے 3900 روپے فی من قیمت پر 3500 میٹرک ٹن، بلوچستان کے لیے 3900 روپے فی من 0.100 میٹرک ٹن گندم کی خریداری کا ہدف مقرر کیا گیا۔
وزارت داخلہ کے لئے 45 کروڑ روپے کی تکنیکی گرانٹ کی منظوری دی گئی، جس کو اسلام آباد پولیس کی ضروریات کے لئے استعمال میں لایا جائے گا۔