پنجاب حکومت کا ’’صحت کی دستک عوام کی دہلیز پر‘‘ پروگرام جلد شروع کرنیکا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) حکومت نے پنجاب بھر میں عوام کیلئے ’’صحت کی دستک ان کی دہلیز پر‘‘ پروگرام جلد شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
پنجاب کے وزرائے صحت سلمان رفیق اور عمران نذیر کی زیر صدارت اجلاس میں شوگر اور ہیپاٹائٹس کی ادویات کی دستیابی اور فراہمی کے طریق کار کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں شوگر کے مریضوں کے لیے انسولین کی تیاری اور مارکیٹ میں دستیابی کے امور پر گفتگو کی گئی اور نان کمونیکیبل ڈیزیز پروگرام سے ذیابیطس اور ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی اسکریننگ اور دیگر ریکارڈ طلب کیا گیا۔
اجلاس میں خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ عوام کیلئے صحت کی دستک ان کی دہلیز پر پروگرام جلد شروع کیا جا رہا ہے،انہوں نے بتایا کہ سرکاری اسپتالوں میں انسولین وافر مقدار میں موجود ہے، انسولین، شوگر اور ہیپاٹائٹس کی ادویات مریضوں کے گھروں میں پہنچانے کا مکینزم وضع کر لیا ہے جبکہ الٹرا ساؤنڈ کی سہولت بھی مریضوں کے گھروں تک فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اجلاس میں سلمان رفیق نے کہا کہ کلینکس آن ویلز کے ذریعے عوام کو تنگ علاقوں اور دیہی آبادیوں میں صحت کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔