(24نیوز) صوبہ خیبرپختونخوا میں تحصیل کونسل کے چیئرمینز کی 6 خالی نشستوں پر آج پولنگ ہو رہی ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق چیئرمین تحصیل کونسل کی 6 نشستیں استعفوں کی وجہ سے خالی ہوئیں، تمام تحصیلوں میں پولنگ کا آغاز آ ج صبح 8 بجے ہوا جو کہ شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔
ترجمان کےمطابق علی الصبح خواتین بھی اپنے ووٹ کے حق کے استعمال کیلیے پولنگ اسٹیشنوں پر موجود ہیں ، پولنگ کے عمل کی نگرانی کے لئے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرز اور ضلعی مانیٹرنگ ٹیمیں متحرک ہیں ۔ سیکرٹریٹ مرکزی کنٹرول روم سے لوکل گورنمنٹ ضمنی انتخابات کی مانیٹرنگ جاری ہے ، پولنگ یا انتخابی عمل کے دوران قانون کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: سوات: گھر پر آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق
دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) کی تحصیل درابن میں ضمنی بلدیاتی انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے۔ پولنگ اسٹیشنز کے باہر ووٹرز کا رش لگا ہوا ہے۔
چیئرمین کی نشست پیپلز پارٹی کے نو منتخب ایم پی اے احسان اللّٰہ میاں خیل نے چھوڑی تھی۔
یاد رہے کہ ضمنی بلدیاتی انتخاب میں پیپلز پارٹی، سنی اتحاد کونسل، جماعتِ اسلامی اور دیگر 6 اُمیدوار میدان میں ہیں۔