(بابر شہزاد تُرک) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے جان بچانے والی ادویات کی قلت کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے اور ادویات کی دستیابی کیلئے 3 روز میں تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔
تفصیلا ت کے مطابق ڈریپ کے چیف ایگزیگٹیو آفیسر ڈاکٹر عاصم رؤف کی ہدایت پر صوبائی دفاتر کو مراسلہ ارسال کیا گیا ،جس میں کہا گیا ہے کہ جان بچانے والی ادویات کی دستیابی کیلئے ملک بھر کی میڈیسن مارکیٹس میں ہنگامی بنیادوں پر سروے کئے جائیں اور صوبائی دفاتر 3روز میں ادویات کی قلت سے متعلق تفصیلی رپورٹ فراہم کریں،ساتھ ہی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ سرویلنس ٹیمیں شارٹ ہونے والی ادویات کی آن لائن دستیابی اور متبادل برانڈز کی ادویات کی رپورٹنگ کریں۔
ڈریپ نے جان بچانے والی ادویات کی دستیابی کیلئے خصوصی کمیٹی بھی قائم کی ہے،کمیٹی کو جان بچانے والی ادویات کی قلت بارے شکایات ملی ہیں،مختلف برانڈز کے انہیلرز، اینٹی الرجی ادویات ناپید ہونے کی شکایات بھی ہیں،سی ای او ڈریپ ڈاکٹر عاصم رؤف کا کہناہے کہ ادویات کی قلت دور کرنے کیلئے دوا ساز کمپنیوں اور امپورٹرز سے رابطہ میں ہیں،ملک میں معیاری ادویات کی مقررہ قیمت پر دستیابی ہماری پہلی ترجیح ہے، مارکیٹ سروے سے ادویات کی قلت کی اصل صورتحال واضح ہو گی،انہوں نے کہاکہ ادویات کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائیں گے، مارکیٹ مانیٹرنگ بڑھائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : جو قوتیں ہماری غلامی کی ذمہ دار ہیں ان کی گرفت کو کمزور کیاجائے، مولانا فضل الرحمان