طالبان کو مشورہ دیں گے حکومت میں تمام نسلی گروپوں کی نمائندگی ہونی چاہیے، فواد چودھری

Aug 28, 2021 | 00:50:AM

(24نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ افغانستان متعدد نسلی گروہوں پر مشتمل ملک ہے، طالبان کو یہی مشورہ دیں گے حکومت میں تمام نسلی گروپوں کی نمائندگی ہونی چاہیے۔
غیر ملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ افغانستان میں جامع حکومت مستحکم حکومت کے قیام کا راستہ ہے، طالبان کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ جامع حکومت بنانے کے خواہاں ہیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان اس وقت 35 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے، موجودہ صورتحال میں افغانوں نے پاکستان کی طرف ہجرت نہیں کی، پاکستان نے 4 ہزار افراد کی افغانستان سے انخلا میں مدد کی۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہماری سرحدوں پر کوئی دباو¿ نہیں ہے، اس وقت افغانستان کی صورتحال انتہائی خطرناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں خلا پیدا ہونے سے داعش جیسے دہشتگرد گروپ پنپ سکتے ہیں، یہ صرف افغانستان کے لیے نہیں پوری دنیا کے لیے خطرناک ہو گا۔فواد چودھری نے کہا کہ دنیا کو افغانستان میں نئے حکمرانوں سے بات چیت کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا افغانستان میں کوئی فیورٹ نہیں، آرمی چیف

مزیدخبریں