پی ڈی ایم کا صدر کے پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران بھرپور احتجاج کا اعلان

Aug 28, 2021 | 21:50:PM

Read more!

(24 نیوز)پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران احتجاج کا اعلان کیا ہے جبکہ حکومت کیخلاف فیصلہ کن احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے کل کراچی میں حکومت کیخلاف جلسہ کرنا ہے، جس کیلئے پی ڈی ایم کی قیادت شہر قائد پہنچ چکی ہے۔پی ڈی ایم کا اجلاس مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت ہوا، اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، ساجد میر، اویس نورانی، آفتاب شیر پاوَ، محمد زبیر اور دیگر بھی اجلاس میں شریک تھے۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف، قائد ن لیگ اور سینیٹر اسحق ڈار نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ملکی سیاسی صورت حال اور آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حکومت کی تین سالہ کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کرے گی۔ اجلاس کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے ہوٹل میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی اس دوران دھکم پیل ہوئی جس کے باعث دروازہ ٹوٹ گیا جس کے بعد انتظامیہ نے متواتوں کو ہوٹل سے باہر نکال دیا۔ 
کراچی میں پی ڈی ایم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ پی ایم اے کے نام سے حکومت ایک اتھارٹی بنانے جا رہی ہے ،میڈیا برادری کیساتھ بھرپور اظہاریکجہتی کرتے ہیں ،صحافیوں سے یکجہتی کیلئے پارلیمنٹ میں احتجاج کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اصلاحات کے نام پر غیرقانونی اقدام کی اجازت نہیں دیں گے ،پوری دنیا نے الیکٹرونک ووٹنگ مشین کو مسترد کیا ہے ،ای وی ایم بھی آرٹی ایس کی طرح الیکشن چوری کا منصوبہ ہے ،پی ڈی ایم وکلا کے ساتھ شانہ بشانہ احتجاج میں شریک ہوگی ۔
پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہاکہ حال ہی میں عدالتی فیصلے سے 17 ہزار ملازمین کو برطرف کیا گیا،ہر بے روزگار نوجوان کے پیچھے پوراگھرانہ ہوتا ہے ،کتنے لوگوں کو فیصلے سے بے روزگاری کا سامنا کرنا ہوگا،ان کاکہناتھا کہ فیصلے پر پی ڈی ایم احتجاج کرتی ہے، قانونی مدد فراہم کریں گے ۔
مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ پی ڈی ایم نے بڑھتی مہنگائی پر حیرت کااظہار کیا،ہم غریب قوم کی آواز بنیں گے ،پی ڈی ایم اجلاس میں بے روزگاری کو ظلم قراردیا گیا، حکومتی تین سالہ کارکردگی پر صورتحال سے آگاہ کریں گے ۔
انہوں نے کہاکہ اپنابنیادی منشورسمجھتے ہوئے سندھ کے حقوق پر بھی نظر ہے ،پی ڈی ایم میں سندھ کے مسائل کو بھی اجاگر کیا جائے گا،ان کاکہناتھا کہ پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم کی پیٹھ میں چھراگھونپا،پیپلزپارٹی کے مسئلے کو دوبارہ بحث میں نہ لائیں ،ان کاکہناتھا کہ جلسے میں خواتین آئیں گی پوری طرح تحفظ اورعزت دی جائے گی ۔
شہبازشریف نے کہاکہ پی ڈی ایم اجلاس کے بعد کارواں آگے بڑھے گا،مریم نوازکل آئیں گی یا نہیں سوال پر شہبازشریف جواب دیئے بغیر چل دیئے ۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت 1900 ارب کا حساب دے، فرخ حبیب

مزیدخبریں