(ویب ڈیسک )وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نےکہا ہےکہ میں اور سندھ حکومت سندھ مشکل کےاس وقت میں سندھ کی عوام کےساتھ کھڑے ہیں، متاثرین بارش کو کسی صورت میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اس وقت ہمارے پاس ٹینٹوں کی کمی ہے ہم نے "24000"ٹینٹوں کے لیے آرڈر دےدیا ہے، سندھ کو کم ازکم دس لاکھ ٹینٹوں کی ضرورت ہے،بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کےذریعے فوری طور پر رقم کی فراہمی شروع کردی گئی ہے ۔
عمر کوٹ کے مختصر دورے کے موقع پر مراد علی شاہ نے بارش متاثرین کے کیمپوں کا بھی دورہ کیا ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہناتھا کہ وہ خود سندھ میں حالیہ شدیدبارشوں سےہونے والےنقصانات کا جائزہ لینے ، متاثرین کی داد رسی کےلیے ہر ضلع کادورہ کررہے ہیں ۔وزیراعلیٰ سندھ نے میڈیا کےمختلف سوالوں کےجوابات دیتے ہوئے کہا کہ وہ دو دن سے وزیراعظم کےساتھ سندھ کے دورے پر تھے، اب عمرکوٹ پہنچا ہوں ، لوگ اس وقت شدید تکلیف میں ہیں، سندھ حکومت وفاق کےساتھ مل کر متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی ۔