(24 نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 25 سال پرانے اراضی معاوضہ کیس کا فیصلہ سنا تے ہوئے وفاقی محتسب کا فیصلہ مسترد کردیا، صدرمملکت نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی شکایت کنندگان کو خریدی گئی زمین کے بدلے 45 دن میں معاوضہ ادا کرے۔صدر مملکت نے 25 سال قبل اعلان کردہ ایوارڈ پر عمل درآمد میں غیر ضروری تاخیر پر این ایچ اے کی سرزنش بھی کی ہے۔
وفاق محتسب نے زمین کا معاملہ ہونے کی بنیاد پر مجاز فورم نہ ہونے کو بنیاد بناتے ہوئے درخواست گزار کو ریلیف فراہم کرنے سے معذرت کی تھی۔صدر مملکت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ یہ زمین کی پیمائش یا معاوضے کے تخمینے کا کیس نہیں ، معاوضے کی ادائیگی کا معاملہ ہے، محتسب نے احکامات جاری کرتے ہوئے اس اہم پہلو کو نظر انداز کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ 1997 میں طے شدہ زمین کے معاوضے کے ایوارڈ کو کسی بھی فریق نے چیلنج نہیں کیا، ایوارڈحتمی ہے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی ایوارڈ کے مطابق رقم ادا کرنے کا پابند ہے۔نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے کراچی سے طورخم تک سڑک (N-5) کی تعمیر کے لیے 3 شہریوں سے 11 کنال 10 مرلہ زمین حاصل کی تھی، این ایچ اے نے 1994 میں 8 دکانوں کے لیے معاوضے کا اعلان کیا تھا جب کہ شکایت کنندگان نے بقیہ 35 دکانوں کے لیے ایوارڈ کی درخواست کی تھی۔
باقی دکانوں کی پیمائش اور تخمینے کے بعد دسمبر 1997 میں ایوارڈ کا اعلان ہوا مگر عمل درآمد نہیں کیا گیا، شکایت کنندگان نے 2021 میں بقیہ دکانوں کے معاوضے کیلئے وفاقی محتسب سے رابطہ کیا، وفاقی محتسب نے اراضی کا معاملہ ہونے کی بنیاد پر ریلیف فراہم کیے بغیر معاملہ نمٹا دیا۔
شکایت کنندگان نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف صدر مملکت کو درخواست دائر کی، صدر مملکت نے محتسب کا فیصلے مسترد کرتے ہوئے ہدایت کی کہ بقیہ معاوضہ 45 دن میں ادا کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: ریسکیو اہلکار نے کمال مہارت سے سیلاب میں ڈوبتے بچے کو بچا لیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل