امپائر نےریڈ کارڈ دکھا کر مایہ ناز باولر کو میدان سے نکال دیا

Aug 28, 2023 | 22:40:PM

(ویب ڈیسک) کیریبین پریمئیر لیگ کے میچ میں امپائر نے سست رفتار سے باولنگ کرنے کے جرم میں ریڈ کارڈ دکھا کر ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز کے ایک اہم سپنر باؤلر  سنیل نارائن کو کھیل کے میدان سے باہر نکال دیا اور ٹینباگو نائٹ رائڈرز کو باقی کھیل دس فیلڈرز کے ساتھ کھیلنے پر مجبور کر دیا۔

یہ سی پی ایل کی تاریخ کا پہلا ریڈ کارڈ ہے اور اس کے استعمال پر کرکٹ کی دنیا میں ہلچل مچ گئی ہے۔

امپائر کے ریڈ کارڈ دکھا کر باولر کو کھیل کے میدان سے نکال دینے کے حکم کا نشانہ بننے والی ٹیم ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز کیرون پولارڈ نے خاصا احتجاج کیا۔ ٹی کے آر کی ٹیم واقعی طے شدہ وقت سے کچھ زیادہ سست اوور ریٹ کے ساتھ کھیل رہی تھی لیکن میدان میں موجود کھلاڑیوں اور میچ دیکھنے والوں میں سے کسی کو بھی توقع نہیں تھی کہ امپائر بہتری کا موقع دیئے بغیر ریڈ کارڈ دکھا کر سنیل نارائن کو پویلین میں بٹھا دینے کا انتہائی فیصلہ سنا دیں گے۔ 

ٹی کے آر اور سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کے میچ میں سست اوور ریٹ کی اتنی بڑی سزا کو اس وقت کرکٹ شائقین اور ناقدین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
سست اوور ریٹ کا مقابلہ کرنے کی کوشش میں، کیریبین پریمیئر لیگ نے اس ماہ کے شروع میں ایک بے مثال سخت قدم کا اعلان کیا تھا، جو 2023 کے سیزن کے بعد سے نافذ کیا جائے گا جس میں فٹ بال کی طرح ریڈ کارڈ کا استعمال بھی شامل ہے۔سی پی ایل لیگ کے 12ویں میچ میں  امپائر نے پہلی بار ریڈ کارڈ کا استعمال کر ڈالا۔ ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز کو سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کے خلاف میچ میں سلو اوور ریٹ کی وجہ سے سنیل نارائن کو  میدان سے رخصت ہونا پڑ گیا۔

اس ریڈ کارڈکے بعد نائٹ رائیڈرز کو سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کے خلاف اپنے میچ کے باقی اوورز کے لیے 10 مردوں کے ساتھ کھیلنا پڑا۔ تاہم اس کے باوجود انہوں نے یہ میچ چھ وکٹوں سے جیت لیا۔

اتفاق سے، سنیل نارائن نے ریڈ کارڈ دکھا کر نکالے جانے کے وقت تک اپنا چار اوورز کا کوٹہ مکمل کر چکے تھے۔ اس لئے بھی ان کے جانے سے ٹیم کو باولنگ کی حکمت عملی کے حوالے سے کوئی پریشانی نہیں ہوئی۔

مزیدخبریں