پاکستان فالو آن سے بچ گیا، پوری ٹیم239 رنز پر ڈھیر

Dec 28, 2020 | 10:35:AM
پاکستان فالو آن سے بچ گیا، پوری ٹیم239 رنز پر ڈھیر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) ماؤنٹ مونگا نوئی ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹنگ لائن اکھڑ گئی ،محمد رضوان اور فہیم اشرف   نے ذمہ دارانہ بیٹنگ  کرتے ہوئے ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے فالو آن سے بچالیا۔کھیل کے تیسرے روز کے اختتام پر نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی اننگزمیں پوری  ٹیم239رنز پر  پویلین لوٹ گئی۔

ماؤنٹ مونگا نوئی ٹیسٹ کے تیسرے روز  پاکستان نےایک وکٹ کے نقصان پر30 رنز سے بیٹنگ کا آغاز کیا تو شاہینوں کی وکٹیں  ریت کی دیوار ثابت ہوئیں اور یکے بعد دیگر گرتی رہیں۔

 عابد علی  25 رنز  پر جیمیسن  کی گیند کا شکار بنے، ان کے بعد محمد عباس 5 ، اظہر علی بھی 5، حارث سہیل 3 اور فواد اسلم  9 رنز پر  چلتے بنے۔

محمد رضوان اور فہیم اشرف نے ذمہ دارانہ بیٹنگ  کرتے ہوئے ٹیم کو فالو آن سے بچایا،دونوں کھلاڑیوں کے درمیان ساتویں وکٹ کے لئے 107 رنز کی شراکت ہوئی۔محمد رضوان 71 رنز پر رن آؤٹ ہوئے ۔

فہیم اشرف 91رنز پر کائل جیمیسن  کی گیند کا شکار بنے۔

بارش کے باعث میچ کو متعدد بار روکنا پڑا,چائے کے وقفے سے چند منٹ پہلے اولے پڑنے لگےجس کے بعد دوبارہ میچ روک کر چائے کا وقفہ لینا پڑا ۔

گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے 431 رنز کے جواب میں پاکستانی اوپنرز شان مسعود اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا تھا، شان صرف 10 رنز  پر ہی آؤٹ ہوگئے۔ باؤلر یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے بیٹسمین نے وکٹ پر ٹھہر کر اسکور کیا، ہمارے بلے بازوں کو بھی وکٹ پر جم کر کھڑا ہونا پڑے گا۔ کرکٹ میں کیچ ڈراپ بھی ہوتے ہیں، تیسرے روز اسپنرز کو مدد ملے گی۔

اس سے قبل کیویز نے ماؤنٹ مونگا نوئی ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے آغاز پر 222 رنز اور 3 وکٹوں کے نقصان سے اننگز کا تسلسل جوڑا تو 209 رنز اضافے کے دوران باقی 7 بھی وکٹیں گنوا لیں۔ ولیمسن 129، بی جے والٹنگ 73، روز ٹیلر 70 اور ہینری نکلولز 56 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔شاہین آفریدی نے 109 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ یاسر شاہ نے 113 رنز کے عوض 3 کیویز بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ نسیم شاہ، محمد عباس اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔