جیلوں میں کشمیری قیادت کی صحت خراب ، پاکستان کااظہار تشویش
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پاکستان نے بھارتی قابض افواج کی جانب سے قید کی جانے والی کشمیری قیادت کی صحت کی خراب صورت حال پر اظہار تشویش کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ آسیہ اندرابی سمیت کشمیری رہنماؤں کی مسلسل قید اور صحت کی صورت حال پر پاکستان کو شدید تشویش ہے۔ کشمیری رہنما شبیر احمد شاہ،مسرت عالم بھٹ،محمد اشرف صحرائی اور دیگر کورونا وبا کے دوران جیلوں میں قید ہیں۔ سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق سمیت دیگر کشمیری رہنما بھی نظر بند ہیں۔
زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ قابض بھارتی افواج نے کشمیری قیادت کو کشمیر میں نافذ مکروہ قوانین کے تحت بدعنوانی جھوٹے اور من گھڑی الزمات میں گرفتار کیا ہے۔ کشمیر میں غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف سیاسی نظریہ اور جدوجہد کی بنیاد پر کشمیری قیادت کو نظر بند کرنا آر ایس ایس اور بی جے پی حکومت کی انتہا پسند ذہنیت کی عکاسی ہے۔ آر ایس ایس اور بی جے پی حکومت کو کشمیری عوام کے انسانی حقوق کا کوئی احترام نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کشمیری رہنماؤں کے ساتھ بھارتی غیر انسانی سلوک کا نوٹس لے۔ عالمی برادری انسانی حقوق کی تنظیمیں اور اقوام متحدہ کشمیری رہنماؤں کی بھارتی غیر قانونی نظربندی سے رہائی کے لئے آواز اٹھائیں۔