(24نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ اپوزیشن کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے، پی ڈی ایم کا مسئلہ دھاندلی ہوتا تو انتخابی اصلاحات میں ہمارا ساتھ دیتے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی و پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا،اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا، اجلاس میں پی ڈی ایم تحریک پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔
وزیراعظم عمران خان نے ترجمانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پی ڈی ایم کی حکومت مخالف تحریک کا کوئی مستقبل نہیں، بات چیت اور مسائل کے حل کا بہترین فورم پارلیمنٹ ہے، اپوزیشن نے پارلیمنٹ کو اپنے ذاتی مفادات کےلئے استعمال کیا، وزیراعظم کاکہناتھا کہ اپوزیشن بھی عوام کو جوابدہ ہے، ڈھائی سالوں میں قانون سازی میں حصہ نہیں لیا، ان کو معلوم ہے عمران خان این آر او نہیں دے گا اس لئے پاک فوج پر دباو ڈال رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ پی ڈیم ایم ہمارے لئے مسئلہ نہیں، ہم عوامی مسائل پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں، جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ نہیں کیا جا سکتا،انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم غیر فطری تحریک ہے، آج تک عوام کسی کے ذاتی مفادات کیلئے نہیں نکلی، انکے کہنے پر نیب قانون تبدیل کر لیتے تو آج یہ سڑکوں پر نہ ہوتے۔