بجلی پھر مہنگی، قیمت میں18پیسے فی یونٹ اضافہ

Dec 28, 2020 | 23:24:PM

(24 نیوز) آئی ایم ایف کی شرائط پر عملدرآمد شروع ،حکومت نے بجلی کی قیمت میں 18 پیسے فی یونٹ اضافہ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے بجلی کی قیمت میں اٹھارہ پیسے فی یونٹ اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے بعد بجلی کا اوسط ٹیرف 13 روپے 35 پیسے سے بڑھ کر 13 روپے 53 پیسے فی یونٹ ہو گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ 300 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کے ٹیرف میں 15 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے، 300 یونٹ سے زائد استعمال کرنے پر 3 پیسے فی یونٹ اضافی چارج ہوں گے۔وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق رواں ماہ کے بلوں سے ہوگا، یہ اضافہ 10 ماہ کے لئے کیاگیا ہے۔
 چند دن قبل نیپرا نے ایک بار پھر عوام پر بجلی بم گراتے ہوئے اگلے ایک ماہ کے لئے بجلی فی یونٹ ایک روپے 11 پیسے مہنگی کی تھی، یہ اضافہ ستمبر کے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا تھا۔
 حکومت نے بجلی نرخ بڑھانے کے لئے آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے، آج نیپرا نے بجلی کی 3 سرکاری تقسیم کار کمپنیوں کے ٹیرف میں اضافہ کر دیا، گوجرانوالہ، ملتان اور سکھر کے صارفین سے 916 ارب وصولی کی جائے گی۔نیپرا کے فیصلے کے اطلاق کی حتمی منظوری حکومت دے گی، حکام کا کہنا ہے کہ نیپرا کے فیصلے کی روشنی میں بجلی کا یونیفارم ٹیرف لاگو کیا جائے گا۔

مزیدخبریں