پنجاب ۔۔ مئی کے پہلے ہفتے میں بلدیاتی الیکشن کرانے کا فیصلہ 

Dec 28, 2021 | 19:57:PM

(نیوز ایجنسی+24نیوز) پنجاب حکومت نے مئی کے پہلے ہفتے میں بلدیاتی الیکشن کرانے کا فیصلہ کر لیا ۔سیکرٹری بلدیات نورالامین مینگل کا کہنا ہے کہ محکمہ بلدیات نے مئی کے پہلے ہفتے میں بلدیاتی الیکشن کرانے کا تمام ہوم ورک مکمل کر لیا ہے، حد بندیوں کے رولز تیار کئے جا رہے ہیں، روزے ہونے کی وجہ سے اپریل میں بلدیاتی الیکشن نہیں ہو سکیں گے، روزوں کے فوری بعد بلدیاتی الیکشن ہوں گے ۔ سیکرٹری بلدیات کے مطابق ڈپٹی کمشنرز کو حد بندیاں کرنے کا لکھ دیا گیا ہے۔
ادھرپنجاب میں بلدیاتی الیکشن بروقت کرانے کے لئے الیکشن کمیشن نے6 جنوری2022 کو اہم اجلاس طلب کرلیا گیا ۔چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری بلدیات کو مراسلہ جاری کردیا گیا۔ مراسلے میں میٹنگ کا اہم ایجنڈا بھی جاری کیا گیا ہے۔ اجلاس میں لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2021 پر جامع بریفنگ لی جائے گی نئے ایکٹ کے مطابق حلقہ بندیوں پر بھی چیف سیکرٹری الیکشن کمیشن کو بریف کریں گے۔لوکل گورنمنٹ ایکٹ دوہزار اکیس کے تحت بلدیاتی الیکشن کا طریقہ کار بھی بریف کیا جائے گا ۔ویلیج اور نیبر ہڈ کونسل کی حلقہ بندیوں کے پلان سے بھی الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا جائے گا۔
دریں اثناپنجاب میں نیبرکونسل اور حلقہ بندیوں کاشیڈول جاری کر دیا گیا جس کے مطابق نیبرہڈ اور ویلج کونسلز کی حلقہ بندیاں 22مارچ2022 تک مکمل کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔ لوکل گورنمنٹ ایکٹ2021 کے سیکشن7کے تحت انتظامات کئے جائیں گے۔حلقہ بندیوں کے انتظامات27دسمبرسے10جنوری تک مکمل کئے جائیں گے۔ 11جنوری سے9فروری تک حلقہ بندی کمیٹی ابتدائی فہرست مکمل کرےگی۔ 10فروری 2022 کو نیبرہڈ اور ویلج کونسلز کی حلقہ بندیاں شائع کی جائیں گی جس کے بعد 11سے25فروری تک ووٹرحلقہ بندی کمیٹی کو اعتراضات جمع کرائیں گے،12مارچ تک حلقہ بندیوں سے متعلق اعتراضات دورکئے جائیں گے اور 13مارچ سے19مارچ تک حلقہ بندی کمیٹی حتمی فہرست تیار کرے گی،22 مارچ 2022 کو نیبرہڈ اور ویلج کونسلزکی حتمی حلقہ بندیاں شائع ہوں گی۔ اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کی ہدایات پر نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ۔
 یہ بھی پڑھیں۔اداکار کو حکومت کیخلاف احتجاج مہنگا پڑھ گیا۔۔کیا سزا ملی؟

مزیدخبریں