کراچی: پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت، مقدمہ درج
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی والدہ کی مدعیت میں شارع فیصل تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ایف آئی آر میں قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں، مقدمے میں تین پولیس اہلکاروں شہریار، فیصل اور ناصر کو نامزد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں اشارے پر نہ رکنے والے موٹر سائیکل سوار نوجوان کو پولیس اہلکاروں نے تعاقب کے بعد عمارت میں گھس کر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔
حکام کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کو شاہین فورس کے اہلکاروں نے رکنے کا اشارہ کیا تھا جس پر موٹر سائیکل سوار نوجوان نہیں رکا تو موٹر سائیکل پر سوار ہو کر اہلکاروں نے اس کا تعاقب کیا اور ایک رہائشی عمارت کے احاطے میں جاکر اس پر فائرنگ کردی۔
واقعہ کراچی ایسٹ کے شارع فیصل تھانے کی حدود گلستان جوہر میں پیش آیا تھا، ابتدائی تفتیش میں جرم ثابت ہونے پر تینوں اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔
مقتول عامر کی والدہ نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور چیف جسٹس آف پاکستان سے واقعے کی مکمل تحقیق اور انہیں انصاف دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔