(کومل اسلم) چائلڈ پروٹیکشن بیورو جیسا ادارہ کسی نعمت سے کم نہیں جو لاوارث بچوں کو تحویل میں لیکر ان کی حفاظت کرتا ہے اور انہیں کار آمد شہری بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
2022ء کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق چائلڈ پرٹیکشن بیورو کی جانب سے کل 2 ہزار 9 سو 90 بچوں کو لاہور سے تحویل میں لیا گیا جن میں 2 ہزار 3 سو 39 لڑکے اور 651 لاوارث لڑکیاں شامل تھیں۔
بیورو کے فیملی ٹریسنگ ونگ نے 1 ہزار 70 گمشدہ اور گھر سے بھاگے بچوں کو ان کے لواحقین کو تلاش کرنے کے بعد حوالے کیا۔ اس کے علاوہ 2 ہزار 1 سو 52 بچوں کو والدین کے حوالے کیا گیا۔
چائلڈ ہیلپ لائن 1121 پر اس سال اب تک 1 ہزار 3 سو 49 کالز موصول ہوئیں جن پر کارروائی کرتے ہوئے بیورو نے 641 بچوں کو تحویل میں لیا۔
چائلڈ پروٹیکشن بیورو دفاتر اب دوسرے مختلف اضلاع میں بھی قائم کیے جارہے ہیں۔ اس وقت چائلڈ پروٹیکشن بیورو 9 اضلاع میں کام کررہا ہے جن میں لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، بہاولپور، ملتان، راولپنڈی، رحیم یارخان، سیالکوٹ اور ساہیوال شامل ہیں۔
اس کے علاوہ عوامی آگاہی مہم کے اقدامات کیے گئے اور بھکاری بچوں کو ریسکیو کرنے کیلئے سپیشل اینٹی بیگری مہم شروع کی گئی جس میں لاہور پولیس اور سٹی ٹریفک پولیس کو بھی شامل کیا گیا۔
چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب کو بچوں کے استحصال کی روک تھام کیلئے کام کرنے پر گلوبل کولیبوریٹو ایوارڈ اٹلی میں ملا جو پوری دنیا میں صرف 10 لوگوں کو ملا ہے۔