(24 نیوز)ایس ای سی پی نے ڈیجیٹل قرضے دینے کے قواعد و ضوابط جاری کر دیئے۔
ایس ای سی پی نے آن لائن قرضوں سے متعلق شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے چھوٹے قرض دینے والی ڈیجیٹل کمپنیوں کیلئے قواعد جاری کردیئے ہیں ، قواعد کا اطلاق ڈیجیٹل چینلز/موبائل ایپلی کیشنز (ایپس) کے ذریعے قرض دینے والی نان بینکنگ فنانس کمپنیوں پر ہو گا۔ نئے قوائد کے مطابق ان کمپنیوں کو قرض دینے سے پہلے کچھ تفصیلات لازمی فراہم کرنا ہوں گی، کمپنیوں کو منظور شدہ قرض کی رقم، سالانہ فیصد کی شرح، قرض کی مدت، اقساط/تاریخ کے ساتھ یکمشت ادائیگی کی رقم، اور تمام فیس اور چارجز کی تفصیلات بتانا ہوں گی۔
ان قوائد میں قرض لینے والے کو قرض کی فراہمی سے پہلے کلیدی حقائق سٹیٹمینٹ جاری کرنا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔ شرائط کو سمجھنے میں آسانی کیلئے، ایپ انگریزی اور اردو دونوں زبانوں میں ویڈیو/آڈیو، سکرین شاٹ اور ای میل کے ذریعے کی فیکٹ سٹیٹمینٹ کا خلاصہ دکھائے گی، قرض لینے والے سے کوئی بھی فیس جوکہ فیکٹ سٹیٹمینٹ میں شامل نہیں ہے وہ وصول نہیں کی جائے گی ۔ لائسنس یافتہ ڈیجیٹل نان بینکنگ فنانس کمپنیوں کو اپنے قرض دینے والے پلیٹ فارم پر اپنے مکمل کارپوریٹ نام اور لائسنسنگ کی حیثیت بتانا ہو گی ،کمپنیوں کو دستاویزات، مواد اور اشتہارات کا انکشاف کرنا ہوگا۔
صارفین کے ڈیٹا پرائیویسی کو یقینی بنانے کیلئے ڈیجیٹل قرض دہندہ کو قرض لینے والے کی فون بک یا رابطوں کی فہرست یا فوٹو گیلری تک رسائی کی اجازت نہیں ہوگی چاہے قرض لینے والے نے اس سلسلے میں رضامندی دی ہو۔قرض دہندہ کو قرض لینے والے کی رابطہ فہرست میں شامل افراد سے بھی رابطہ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، قرض لینے والوں کی معلومات اور ڈیٹا کو پاکستان کے دائرہ اختیار سے باہر کسی کلاو¿ڈ انفراسٹرکچر پر محفوظ نہیں کیا جائے گا، ڈیجیٹل نان بینکنگ فنانس کمپنیوں سے ماہانہ رپورٹس وصول کی جائیں گی ۔
یہ بھی پڑھیں: سونا مزید مہنگا، قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی