(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے 20سال کے دوران گجرات میں کوئی کام نہیں کیا اور اب وہ وزیراعظم بن کر بری طرح ایکسپوز ہوگیا ،ہم نے 100 دنوں میں اتنا کام کیا جو 10 سال میں نہیں ہوا، تاجر برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔
تاجر برادری کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ ہماری توجہ صرف صوبے کے عوام کی خدمت پر مرکوز ہے،انہوں نے کہا کہ صوبے میں تیز رفتاری سے ترقیاتی کام کر رہے ہیں اورانشاءاللہ جلد منصوبے مکمل کریں گے، حکومتی اخراجات کم کر کے عوام کی ترقی پر لگا رہے ہیں،عوام کو مسائل سے نکالیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ قوم کے بچوں کو بے راہ روی سے بچا کر صحیح سمت میں لے جانا چاہتے ہیں، دین کی تعلیم سے ہی اچھی نسل پروان چڑھے گی، نئی جنریشن کی ترجیحات میں دین اولین ہونا چاہیے، خاتم النبینؐ یونیورسٹی کا بل پاس ہو چکا ہے،ڈویژنل لیول پر کینسر کے علاج، سرجری اور بچوں کیلئے جدید ترین مشینری مہیا کر رہے ہیں، محض اعلان کافی نہیں ہوتے، ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانا اصل بات ہے،عوام کی خدمت دن رات کریں گے۔