حد نگاہ میں بہتری کے بعد موٹروے کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(عرفان ملک) موٹروے ایم ون ،ایم ٹو کو دُھند کی شدت میں کمی کے بعد کھول دیا گیا۔ایم ون کو رشکئی،ایم ٹو کو لاہور سے کھولا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پنجاب کے میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں آنے کی وجہ سے موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کیا گیا ہے، موٹروے ایم 2 لاہور سے شیخوپورہ، موٹروے ایم 3 کو بھی ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کیا گیا تھا جبکہ موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم اور فیصل آباد، ایم فائیو پر شیر شاہ سے اوچ شریف اور لاہور سیالکوٹ موٹروے پر بھی گاڑیوں کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے بند کرنے کا مقصد حادثات سے بچاؤ اور موٹروے استعمال کرنے والوں کی جان و مال کی حفاظت ہے ۔ شہریوں سے درخواست ہے کہ دھند کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ اپنا سفر دن کی روشنی میں مکمل کر کے دھند کے آغاز سے پہلے اپنی منزل مقصود تک پہنچ جائیں اور گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں ۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ معمول سے زیادہ رکھیں۔ سفر شروع کرنے سے پہلے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 سے معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں ۔ اس کے علاوہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے افیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے بھی تازہ ترین معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں ۔