گوجرانوالہ: ایف آئی اے کا جعلی ویزے بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ، 2 ملزم گرفتار

Dec 28, 2024 | 13:07:PM

(24نیوز)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) گوجرانوالہ زون نے جعلی ویزے بنانے والی فیکٹری پر کارروائی کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان ملک کے مختلف علاقوں میں ایجنٹوں کی مدد سے شہریوں کو جعلی ویزے فراہم کررہے تھے۔

 ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کی جانب سے انسانی اسمگلرز کے خلاف خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کی گئی، شادمان کالونی میں چھاپے کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا،ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں ضیاالرحمٰن اور اعجاز احمد شامل ہیں جو پاکستان کے مختلف علاقوں میں ایجنٹوں کی مدد سے شہریوں کو جعلی ویزے فراہم کررہے تھے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان جعلی پاسپورٹ، ویزا اسٹیکرز اور دیگر سفری دستاویزات بنانے اور فروخت کرنے میں ملوث ہیں، ملزمان جعلی دستاویزات کے ذریعے سادہ لوح شہریوں سے فراڈ کرتے تھے جبکہ ملزمان سے بڑی تعداد میں جعلی ویزا اسٹیکرز برآمد کیے گئے۔

ترجمان نے کہا کہ ملزمان بھاری رقوم وصول کر کے جعلی دستاویزات فراہم کرتے تھے، ملزمان انسانی سمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی نیٹ ورکس کا حصہ ہیں جب کہ چھاپے کے دوران ملزمان سے 20 پاکستانی اور 31 غیر ملکی پاسپورٹ بھی برآمد کیے گئے۔

اس کے علاوہ ملزمان سے جعلی ویزا اسٹیکرز کی تیاری میں استعمال ہونے والی مشینیں بھی برآمد ہوئیں، ملزمان سے یورپ کے 96، چین کے 18، برطانیہ کے 41، امریکہ کے 12 جعلی ویزا اسٹیکرز کے ساتھ ساتھ برازیل، انڈونیشیا، ترکی، سربیا، یونان، سویڈن، مالٹا، کروشیا، اسپین، پرتگال، یو اے ای کے جعلی ویزا اسٹیکرز بھی برآمد ہوئے۔

ایف آئی اے کے ترجمان نے کہا کہ ملزمان سے 95 جعلی اسٹامپس، بینک ڈیپازٹ سلپس، 13 جعلی رہائشی کارڈز اور امیگریشن اسٹمپس، لیمینیشن شیٹس اور دیگر سفری دستاویزات ضبط کرلی گئیں،ملزمان سے چیمبر آف کامرس کے فیک کارڈز، اسٹوڈنٹ کارڈز، موبائل فونز، لیمینیشن مشینیں، ٹائپنگ مشینیں بھی برآمد کیے گئے، گرفتار ملزمان کا منظم نیٹ ورک مختلف ایجنٹس کے ساتھ مل کر کام کرتا تھا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا جبکہ دیگر ملزموں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

 
 

 
 

مزیدخبریں