حافظ نعیم الرحمن کی حکومت سے فلسطین کے حق میں یکجہتی کی اپیل

Dec 28, 2024 | 22:12:PM
حافظ نعیم الرحمن کی حکومت سے فلسطین کے حق میں یکجہتی کی اپیل
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24 نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عثمان خان)حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سے فلسطین کے حق میں یکجہتی دکھانے اور سڑکوں پر احتجاج کی سہولت فراہم کرنے کی اپیل کی۔

حافظ نعیم الرحمن نے حالیہ دنوں میں ہسپتالوں پر بمباری کو دہشت گردی اور نسل کشی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی سرپرستی امریکہ کر رہا ہے اور کہا کہ امریکہ کو پاکستان کا میزائل پروگرام برا لگتا ہے لیکن اسے اسرائیل کی دہشت گردی نظر نہیں آتی۔ 

انہوں نے فلسطین کے لیے پاکستانی عوام کی حمایت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم فلسطینیوں کے لیے کچھ نہیں کر سکتے لیکن ان کے حق میں سڑکوں پر نکل کر آواز اٹھا سکتے ہیں۔

 حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ یکجہتی کا مظاہرہ ہونا چاہیے اور حکومت کو کسی بھی قسم کی رکاوٹ سے باز رہنا چاہیے کیونکہ یہ مسئلہ ہماری لوکل سیاست سے متعلق نہیں بلکہ عالمی سطح پر ہے اور کہا  فلسطین انبیا کی سرزمین ہے اور اسرائیلیوں کو یہاں لا کر بسایا گیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے واضح کیا کہ وہ اس بات کو قبول نہیں کر سکتے کہ انتظامیہ کسی کے دباؤ میں آ کر مارچ روکنے کی کوشش کرے تو اس کے نتائج کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام ہمیشہ دنیا بھر کے مظلوموں کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور یہاں تک کہ پاکستان کے پائلٹ فلسطین کے جہاد میں شریک ہوئے تھے اور کہا 23 مارچ 1940 کی قرارداد میں فلسطینیوں کے حق میں بھی قرارداد پیش کی گئی تھی جبکہ قائد اعظم نے اسرائیل کو امریکہ کی ناجائز اولاد قرار دیا تھا۔

اس کے علاوہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے  پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان کا قیام ایک نظریے کی بنیاد پر ہوا تھا اور پاکستان ہمیشہ امت کی امنگوں کا ترجمان رہا ہے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ عزت اور ترقی کا راستہ یہ ہے کہ مظلوموں کی مدد کے لیے ڈٹ کر کھڑا ہوا جائے اور کل آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا جو عالمی سطح پر پاکستان کو سرخرو کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں:مسلم کی جائیداد سے غیر مسلم کو حصہ نہیں دیا جا سکتا,عدالت نے فیصلہ سنادیا