(24نیوز)بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن نے اپنی صحت کے حوالے سے مداحوں کو ٹمبلر پر بلاگ کے ذریعے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے ان کی سرجری ہورہی ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امیتابھ بچن نے اپنی صحت کے حوالے سے مداحوں کو ٹمبلر پر اپنے بلاگ کے ذریعے آگاہ کیا۔امیتابھ بچن نے ٹمبلر پر اپنے آفیشل بلاگ 'بچن بول' پر ہفتے کی رات کو کی گئی ایک پوسٹ میں مختصر الفاظ میں طبیعت کی خرابی اور سرجری کا بتایا۔لیجنڈری اداکار نے مختصر الفاظ میں لکھا کہ 'طبی صورتحال،سرجری، مزید لکھ نہیں سکتا'۔تاہم 78 سالہ اداکار نے یہ نہیں بتایا کہ ان کی سرجری اب ہوگئی ہے یا نہیں اور نہ ہی انہوں نے سرجری کی وجہ بتائی۔امیتابھ بچن کی بلاگ پوسٹ کے سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے اور ان کی صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔
واضح رہے کہ ان دنوں امیتابھ بچن اپنے آنے والی 'مے ڈے' کی شوٹنگ میں مصروف تھے، جس میں ان کے ساتھ اجے دیوگن اور راکول پریت سنگھ بھی اداکاری کررہے ہیں۔