آئندہ نسلوں کیلئے ثقافتی ورثہ محفوظ بنانا ہے: وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کوئی بھی قوم اس وقت تک آگے نہیں بڑھ سکتی جب وہ صحیح معنوں میں اپنی تاریخ کا موازنہ نہیں کرتی۔ آئندہ نسلوں کیلئے ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانا ضروری ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے دورہ جہلم کے دوران قلعہ نندنہ کے تاریخی البیرونی مقام پر ہیریٹج ٹریل کا افتتاح کر دیا۔ عمران خان کے ہمراہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار، وفاقی وزیر فواد چودھری اور معاون خصوصی زلفی بخاری بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے ٹلہ جوگیاں نیشنل پارک، سالٹ رینج نیشنل پارک کا افتتاح بھی کیا، 6 پروٹیکیٹڈ ایریاز میں خیری مورت نیشنل پارک، چھنجی نیشنل پارک کے علاوہ نمل ویٹ لینڈ، چشمہ ویٹ لینڈ نیچرریزروز بھی شامل ہیں۔ وزیراعظم کوسالٹ رینج میں جنگلی حیات کے تحفظ، ماحولیاتی تحفظ پربریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہیریٹج ٹریل کا افتتاح تاریخی مقام کی ثقافتی اہمیت کے سبب کیا گیا ہے جہاں گیارھویں صدی میں معروف دانشور ابوریحان البیرونی نے اپنے قیام کے دوران زمین کا محیط معلوم کیا۔ بعد میں البیرونی نے اس علاقے کے بارے میں ایک مشہور کتاب لکھی اور نندانہ کو بڑا علمی مرکز قرار دیا۔
عمران خان نے کہا کہ آج کل جتنی بھی اقوام ترقی کر گئی ہیں وہ سب اپنی پرانی عمارتوں کی دیکھ بھال اور تاریخی مقامات پر کھدائی کر کے آثار قدیمہ نکالتے رہتے ہیں جبکہ ہمارے ہاں یہ کام نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سارے جدید ممالک میں سب جگہ مسلسل چیزیں نکال کر دیکھا جاتا ہے پرانے زمانے میں کس طرح لوگ رہتے تھے، ساری دنیا یہ کرتی ہے اور ہمارے ہاں موئن جو دڑو اور ہڑپہ کی تہذیب انگریزوں سے دریافت کی تھی، اس کے بعد ہمارے اپنے آرکیالوجسٹس نے بہت کم کام کیا بلکہ کچھ کیا ہی نہیں۔
ہمارے ایک آرکیالوجسٹ صمد نے ہری پور میں دنیا کا سب سے بڑھا 40 فٹ کا بدھا کا مجسمہ جسے سلیپنگ بدھا کا نام دیا گیا، دریافت کیا ہے اور ایسے آرکیالوجسٹس انتہائی کم ہیں۔
وزیراعظم نے پوری دنیا میں جہاں بودھ مذہب کے ماننے والے ہیں اب وہ سب آکر اسے دیکھنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ان سب چیزوں کو محفوظ کرنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جس مقام پر سیاحوں کی رہائش اور دیکھ بھال کا اچھا انتظام نہ ہو وہاں سیاح نہیں آئیں گے۔ ابھی تو یہ بھی معلوم نہیں ہوا کہ سالٹ رینج میں موجود قدیم شہر کتنے قدیم ہیں۔
جب سیاحت کو مقامی افراد کامیاب بناتے ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ اس گاؤں کو ماڈل ولیج بنائیں پھر دیگر سہولیات فراہم کریں تا کہ سیاح یہاں آکر قیام کریں، پیسہ خرچ کریں جس سے سارے علاقے کو فائدہ ہو۔