پی ڈی ایم نے حکومت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، مولانا فضل الرحمان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کاکہناہے کہ حکومت کو امید تھی کہ پی ڈی ایم آپس میں ایک دوسرے کا ووٹ توڑے گی مگر ایسا نہیں ہوا ،پی ڈی ایم اب عوام کی تنہا آواز بن چکی ہے مہنگائی و بدامنی کے حوالے سے پی ڈی ایم بیک آواز ہے۔
بلاول بھٹو اوریوسف رضاگیلانی سے ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بلاول بھٹوزرداری اوریوسف رضا گیلانی کا شکرگزار ہوں کہ وہ تشریف لائے، پوری قوم کےلئے خوشخبری ہے کہ پی ڈی ایم چاروں صوبوں اور مرکز میں مشترکہ سینیٹ الیکشن لڑ رہے ہیں ،اس اتحاد نے حکومتی صفوں میں مایوسی پیدا کردی ہے اچھے نتائج سامنے آئے ہیں ۔
پی ڈی ایم سربراہ نے کہاکہ سینیٹ الیکشن کے بعد سربراہی اجلاس ہوگا، آئندہ کی حکمت عملی پھر طے کی جائے گی ، صحافی کے سوال’ اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار ہوگئی یا نہیں‘کا جواب دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ یوسف رضا گیلانی اس سوال کا جواب دے چکے ہیں ،صحافی کے سوال’آپ کیا کہتے ہیں ‘کا مولانا فضل الرحمن نے جواب دینے سے گریزکیا،اسی دوران صحافی کے سوال ’ اے این پی بلوچستان حکومت کے ساتھ ملکر الیکشن لڑ رہی ہے کیا یہ دوہرا معیار نہیں ‘جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ سوال آپ کو دوسال پہلے کرنا چاہئے تھا ۔مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ تحریک اور الیکشن کی حکمت عملی الگ الگ ہوتی ہے ،تحریک جاری رہے گی۔