ایران نے ہمارے بحری جہاز پر حملہ کیا،اسرائیل کا الزام

Feb 28, 2021 | 19:41:PM


 (24 نیوز )اسرائیل نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران نے اس کے ایک بحری جہاز کو خلیج عمان میں تخریب کاری اور بم کے ذریعے نشانہ بنایا ہے تاہم ایران نے ایران کے اس دعوے پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز اتھارٹی اور میری ٹائم سکیورٹی کمپنی نے بتایا کہ خلیج عمان میں ایک بحری جہاز میں دھماکے کی اطلاعات ملی ہیں۔ڈرائی یاڈ گلوبل نامی میری ٹائم سکیورٹی کمپنی کے مطابق ایم وی ہلیوس رے بحری جہاز گاڑیوں کی کنسائنمنٹ لے کر سنگاپور جا رہا تھا۔
 ادھر مارینا ٹریفک ویب پورٹل نے بتایا کہ جہاز پر بھاماس کا پرچم لہرا رہا تھا اور اس کی منزل سنگاپور تھی۔بحرین میں متعین ففتھ فریگریٹ نے بتایا کہ انہیں ایم وی ہلیوس رے کو درپیش حادثے کے بارے میں علم ہے اور وہ صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔یہ بحری جہاز اسرائیلی کاروباری شخصیت رامی اونگر کا تھا جس پر بھاماس کا پرچم لہرا رہا تھا۔ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری طرف ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں پہلے ہی اضافہ ہو رہا ہے۔

مزیدخبریں