(24نیوز)ایف بی آر نے جولائی تا فروری ہدف سے زائد ریونیو حاصل کر لیا، ایف بی آر نے جولائی تا فروری2916 ارب روپے کا نیٹ ریونیو حاصل کرلیا ہے۔
ایف بی آر کے مطابق آٹھ ماہ کا مقررہ ہدف 2898 ارب روپے تھا،ٹیکس وصولیوں میں گذشتہ برس کے مقابلے میں 6 فیصد اضافہ ہوا، پچھلے سال اس عرصہ میں 2570 ارب روپے کا ٹیکس اکٹھا کیا گیا تھا ۔
ایف بی آر نے ماہ فروری کے اعدادو شمار بھی جاری کر دیئے ہیں۔ ایف بی آر کے مطابق فروری میں 343 ارب کا ٹیکس اکٹھا کیا گیا ہے ،فروری کا مقرر کردہ ہدف 325 ارب روپے تھا،بک ایڈجسٹمنٹ کی مد میں حاصل ہونے والی وصولیوں کے بعدمحصولات کی تعداد میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
ایف بی آر کے مطابق آٹھ ماہ میں گراس ریونیو پچھلے سال کے 2823 ارب روپے کے مقابلے میں 3068ارب روپے رہا ،رواں مالی سال اب تک 152 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کئے جا چکے ہیں ،پچھلے سال اس عرصہ میں79 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کئے گئے تھے۔
ایف بی آر کاکہناہے کہ28فروری 2021 تک ٹیکس سال 2020 کیلئے انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے والوں کی تعداد 26 لاکھ 23 ہزار ہو چکی ہے،پچھلے سال اس عرصہ تک 24لاکھ 30 ہزار افراد نے گوشوارے جمع کرائے گئے تھے ،ٹیکس گوشوارے داخل کرنے والوں کی تعداد میں 8 فیصد اضافہ حاصل ہوا ہے۔
ٹیکس گوشوارں کے ساتھ ادا شدہ ٹیکس 49 اعشاریہ 6 ارب روپے رہا ،ایف بی آر نے21 لاکھ ٹیکس گزاروں کو نوٹسز جاری کئے ہیں،ایف بی آر نے 9952 سیل مشینیں پوائنٹ آف سیل سسٹم کے ساتھ منسلک کر دی ہیں،پاکستان کسٹمز نے فروری میں 4 اعشاریہ 08 ارب روپے مالیت کی سمگل شدہ اشیا ضبط کی گئی ہیں ،پچھلے سال اسی ماہ میں3 اعشاریہ 02 ارب روپے مالیت کی اشیا ضبط کی گئی تھی۔
ایف بی آر کاکہناہے کہ جولائی تا فروری 39 اعشاریہ 52 ارب روپے مالیت کی اشیا ضبط ہوئی ہیں جبکہ پچھلے سال اس عرصہ میں25اعشاریہ 10 ارب روپے مالیت کی اشیا ضبط ہوئی تھی۔
حکومتی کوششیں کامیاب، ایف بی آر نے جولائی تافروری ہدف سے زائد ریونیو حاصل کرلیا
Feb 28, 2021 | 19:48:PM