بھارت پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے میں ناکام رہا، جلد گرے لسٹ سے نکل جائیں گے، شاہ محمود
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کاکہناہے کہ بھارت پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے میں ناکام رہا،ایف اے ٹی ایف کے حالیہ اجلاس میں پاکستان کے اقدامات کو سراہا گیا،انشااللہ پاکستان جلد گرے لسٹ بھی نکل جائے گا۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کچھ بیرونی قوتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے اور انتشار پھیلانے کی کوششیں کررہی ہیں، وہ قوتیں پاکستان کو اندرونی طور پر کمزور کرنا چاہتی ہیں،یہ قوتیں ملک کو انتہا پسندی کی طرف لے جانا چاہتی ہیں،یہ قوتیں پاکستان کے اتحاد اور امن کو پارہ پارہ کرنا چاہتی ہیں، ہمیں ایسی قوتوں سے بچنا ہوگا اور ان کا راستہ روکنا ہوگا۔
وزیر خارجہ نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان اسلامی دنیا کے عظیم لیڈر کے طور پر سامنے آرہے ہیں، 74سالوں میں پہلی مرتبہ کسی سربراہ مملکت نے عالمی ایوانوں میں اسلام پر بات کی،ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں پر ہم نے آواز بلند کی اور گستاخانہ خاکوں کی نمائش کو رکوایا۔ان کاکہناتھا کہ گستاخانہ خاکے ہوں ، ناموس رسالت پر بات ہویا اسلام کی توہین ہوہماری آواز سب سے آگے اور بلند ہوتی ہے، پہلی مرتبہ کسی سربراہ مملکت نے اسلام فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحانات کے خلاف آواز بلند کی۔
شاہ محمودقریشی نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان ہر عالمی فورم پر دین کی خدمت کررہے ہیں،اللہ نے ہمیں جو موقع دیا ہے اسلام کی سربلندی کیلئے آواز بلند کررہے ہیں،ان کاکہناتھا کہ وزیراعظم عمران خان ملک میں کرپشن کے خاتمے اور نظام کی شفافیت اور تبدیلی کیلئے پر عزم ہیں، حکومت سینیٹ میں اوپن بیلٹ کرکے ایک شفاف نظام کی بنیاد رکھنا چاہتی ہیں۔