(ویب ڈیسک) لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا ٹائٹل جیتنابہت بڑا اعزاز اور 7 سال کی محنت کا نتیجہ ہے۔
شاہین شاہ آفریدی نے میچ جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل جیتنا بہت بڑا اعزاز ہے، محمد حفیظ نے ہمیشہ رہنمائی کی، ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کرکٹ کھیلی،جس کو جہاں موقع ملا وہاں پرفارم کیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کو نیا چیمپئن مل گیا۔ دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کو شکست دے کر لاہور قلندرز نے پہلی بار ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ اب لیگ میں شامل تمام ٹیمیں ٹرافی پر قبضہ جما چکی ہیں اس سے قبل ٹائٹل سے محروم لاہور واحد ٹیم تھی۔
لاہور کے تاریخی میدان قذافی اسٹیڈیم میں ریکارڈ تماشائیوں کی موجودگی میں شاہین الیون نے فتح کے جھنڈے گاڑتے ہوئے نہ صرف پہلی بار فاتح ہونے کا اعزاز حاصل کیا بلکہ شاندار پرفارمنس سے شائقین کے دل بھی جیت لیے۔
ایونٹ میں 10 میچوں کی ریکارڈ فتح حاصل کرنے والی رضوان الیون ہوم ٹیم کے سامنے اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام رہی۔ طاقت ور بولنگ اٹیک نے سلطانز کی بیٹنگ لائن تباہ کر ڈالی اور 181 رنز کے جواب میں پوری ٹیم 138 رنز ہی بنا سکی۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور قلندرز PSL7 کی چیمپئن، شاہین شاہ آفریدی نے بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا