سراج الحق کی ملاقات۔مہنگائی حد سے بڑھ گئی ۔ عوام کو مزید نہ آزمایا جائے۔چودھری شجاعت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) ملکی سیاست میں تیزی برقرار۔چودھری برادران اس وقت اپوزیشن اور حکومت کی توجہ کا مرکز ہیں۔گزشتہ دو تین روز میں چودھری برادران سے اپوزیشن کے اہم رہنماﺅں نے ملاقاتیں کیں۔اور اب پھر اہم پیشرفت ہوئی ہے۔چند روز قبل پیپلرز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری نے منصورہ جا کر امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات کی تھی اور ان سے تحریک عدم اعتماد کیلئے حمایت مانگی تھی ۔
اسی تناظر میں پیر کو امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کی، جس میں سیاسی صورتحال اور عدم اعتماد کی تحریک کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
اس موقع پر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ سیاست ہوتی رہتی ہے، غریبوں کا خیال کریں، مہنگائی حد سے بڑھ گئی ہے، اب عوام کو مزید نہ آزمایا جائے، مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے تمام جماعتیں اپنے ذاتی و سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر ایک جامع پلان بنائیں۔
جبکہ سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہم نے عوام کو بیدار کرنے کیلئے 101 دھرنوں کا پروگرام شروع کر رکھا ہے، پہلی بار ایسا ہو رہا ہے کہ صوبائی حکومت وفاق کے خلاف اور وفاقی حکومت صوبے کے خلاف مارچ کر رہی ہے، دیکھتے ہیں کون سا مارچ کس کے خلاف کامیاب ہوتا ہے۔ ملاقات میں کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
قبل ازیں جب سراج الحق، چودھری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پہنچے تو سالک حسین اور ایم این اے شافع حسین نے وفد کا استقبال کیا۔ سراج الحق اور وفد نے چودھری شجاعت کی خیریت دریافت کی۔ وفد میں سابق ایم این اے لیاقت بلوچ، ڈاکٹر فرید پراچہ، امیرالعظیم اور قیصر شریف بھی شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں۔پیڑول سستا؛ وزیر دفاع پرویز خٹک نے عوام کو خوشخبری سنا دی