فضل الرحمان کا شہباز شریف کو فون۔تحریک عدم اعتماد کےلئے تین بڑوں کی ایک اور بڑی بیٹھک رواں ہفتے متوقع

Feb 28, 2022 | 18:59:PM

 ( مانیٹرنگ ڈیسک) اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے لئے اپوزیشن کے تین بڑوں کی رواں ہفتے کے دوران ایک اور بڑی بیٹھک متوقع ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق مولانا فضل الرحمان، سابق صدر آصف علی زرداری اور شہباز شریف ایک مرتبہ پھر حکومت گرانے کےلئے سر جوڑیں گے۔ تینوں قائدین کے درمیان لاہور میں ملاقات ہونے کا امکان ہے۔وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹی اس ہفتے اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ کمےٹی کی سفارشات کی روشنی میں تینوں قائدین آئندہ کی حکمت عملی پر غور کریں گے۔سابق صدر آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان اور شہباز شریف، نواز شریف کو اب تک ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بھی آگاہ کریں گے۔تینوں قائدین کی ملاقات میں حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی تاریخ کے حوالے سے حتمی مشاورت ہوگی۔
 یاد رہے کہ پیر کو مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں انہوں نے عدم اعتماد کے حوالے سے قانونی اور آئینی معاملات پر رائے لینے پر اتفاق کیا۔اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔
 پارٹی ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان حکومت مخالف تحریک عدم اعتماد اور موجود سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور حکومت مخالف تحریک میں تیزی لانے پر مشاورت کی جبکہ عدم اعتماد کے حوالے سے قانونی اور آئینی معاملات پر بھی رائے لینے پر اتفاق ہوا۔شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو بی این پی مینگل کے سربراہ اختر مینگل سے ہونے والی ملاقات پر اعتماد میں لیا۔
 یہ بھی پڑھیں۔ سراج الحق کی ملاقات۔مہنگائی حد سے بڑھ گئی ۔ عوام کو مزید نہ آزمایا جائے۔چودھری شجاعت

مزیدخبریں