گیس،بجلی مہنگی ،کیا نئی حکومت کے آنے سے عوام کی مشکلات کم ہوں گی؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اظہر تھراج)نئی حکومت آنے سے پہلے نگران حکومت نے عوام کی مشکلات میں اضافہ تو کرہی دیا ہے آنے والی گرمیاں مزدور ،کم آمدنی والے طبقوں کیلئے بہت ہی مشکل ہونے جا رہی ہیں ۔کیونکہ بجلی کی قیمت خطرناک حد تک بڑھائی جا رہی ہے،بجلی ،گیس کی قیمتیں مزید بڑھنے کا امکان ہے۔یہاں سوال یہ ہے کہ جب مزدور کی آمدن ہی اس کے بجلی کے بل سے کم ہو گی تو وہ یہ بل کہاں سے دے گا؟
گزشتہ دنوں جب بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں نیپرا کے پاس بجلی کی قیمتوں میں 7 روپے 13 پیسے اضافے کے لیے پہنچی تھی تو نیپرا نے بہت بلند و بانگ دعوے کیے اور ان کمپنیز کو یہ کہا کہ ہمیں بھی کوئی محفوظ راستہ دیں ۔7 رو پے بجلی کی قیمت بڑھانے کی سمری دیکھ کر ہم خود حیران ہو گئے ہیں کہ ایسے اتنی قیمت میں کس طرح اضافہ مانگا جا سکتا ہے،عوام کا پیسہ اس طرح لوٹنے نہیں دیا جائے گا۔تقسیم کار کمپنیوں کو ہونےو الے لاسز جو ان کی کوتاہی کیوجہ سے ہوتے ہیں وہ بھی عوام سے وصول نہیں کرنے دیے جائینگے۔اور اس سماعت کا اختتام اس نکتے پر ہوا تھا کہ پہلے اس مانگے گئے اضافے کی مکمل تحقیقات ہونگی۔
ضرورپڑھیں:پاکستان کی سیاسی و معاشی صورتحال، موڈیز نے رپورٹ جاری کردی
دوران سماعت چیئرمین نیپرا پاور ڈویژن اور بجلی تقسیم کار کمپنیوں پر سخت نالاں تھے، انہوں نے کہا تھا کہ کمپنیاں اپنے معاملات سیدھے کرلیں اور اپنی نااہلی کی سزا عوام کو نہ دیں، نیپرا اتھارٹی کو ربڑ اسٹمپ نہ سمجھا جائے۔لیکن اب اس درخواست پر رات کی تاریکی میں فیصلہ سنا دیا گیا ہے اور صارفین پر بجلی بم گراتے ہوئے جنوری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 7 روپے 6 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی۔
نیپرا کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اضافی وصولیاں مارچ کے بلز میں کی جائیں گی، اطلاق لائف لائن اور کے-الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا، اس اضافے کے نتیجے میں بجلی صارفین پر سیلز ٹیکس سمیت 66 ارب روپےکا اضافی بوجھ پڑے گا۔تاہم نیپرا کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات کا کیا نتیجہ نکلا، اس کی کوئی تفصیلات مہیا نہیں کی گئیں ۔البتہ نیپرا نے بجلی کی قیمت میں مانگے گئے اضافے میں 7 پیسے کی کمی کر کے عوام پر احسان عظیم ضرور کیا ہے۔
یہاں سوال یہ بھی ہے کہ عام انتخابات کے نتیجے میں بننے والی جمہوری حکومت جمہورکی مشکلات میں کمی کرتے ہوئے ان کی زندگیوں کو آسان بنائے گی یا ٹیکسوں کی بھر مار کرتے ہوئے مہنگائی میں مزید اضافہ کرے گی ؟