(ویب ڈیسک) مغربی افریقہ کے ملک مالی میں ایک مسافر بس پل سے گرنے کے نتیجے میں 31 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق حادثہ 27 فروری کو مقامی وقت کے مطابق شام کو تقریباً 5 بجے پیش آیا۔ بس مالی کے علاقے کینیبا سے ہمسایہ ملک برکینا فاسو جا رہی تھی جہاں وہ دریائے بگوئی کو عبور کرتے ہوئے پل سے الٹ گئی۔
واقعے میں کم از کم 10 افراد زخمی ہوئے جس میں بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔
مقامی حکام نے حادثے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ بس ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر نکل گئی اور بے قابو ہو کر الٹ گئی اور پل سے گر گئی۔
وزارت ٹرانسپورٹ کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ بس کینیبا کمیون سے برکینا فاسو جا رہی تھی، ایک پل سے ٹکرا گئی، جس کی ممکنہ وجہ ڈرائیور کا گاڑی پر سے کنٹرول کھو دینا ہے۔
مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب میں صفائی ستھرائی کیلئے ایک ماہ کا ٹاسک دیدیا
ان کا مزید کہنا تھا کہ متاثرین میں مالی اور مغربی افریقہ کے دیگر علاقوں کے شہری شامل ہیں۔ مالی میں سڑک حادثات کئی عوامل کی وجہ سے عام ہیں، جن میں بہت سی سڑکوں اور گاڑیوں کی خراب حالت، اوور لوڈنگ اور ناقص ریگولیٹڈ پبلک ٹرانسپورٹ اور دیگر مسائل شامل ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق رواں ماہ کے شروع میں دارالحکومت باماکو کی طرف جانے والی ایک بس کے ٹرک سے ٹکرا جانے کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور 46 زخمی ہو گئے تھے۔