آرمی چیف  سے اے ایس پی شہربانو نقوی کی ملاقات

جنرل عاصم منیر نے بے لوث لگن اور ایک غیر یقینی صورتحال پر قابو پانے میں پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ پیش کرنے پر تعریف کی

Feb 28, 2024 | 16:09:PM

(24نیوز)اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سیدہ شہربانو نقوی نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی،آرمی چیف نے  ASP شہربانو کی ڈیوٹی کے دوران بے لوث لگن اور ایک غیر یقینی صورتحال پر قابو پانے میں پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ پیش کرنے پر تعریف کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق   آرمی چیف کا کہنا تھا کہ”پاکستانی خواتین زندگی کے تمام شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں“ آزادی کے بعد سے پاکستانی خواتین نے اپنی قابلیت، استقامت اور عزم کی وجہ سے اندرون و بیرونِ ملک خود کو ممتاز کیا ہے،آرمی چیف نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ”خواتین پاکستانی معاشرے کا ایک انمول حصہ ہیں اور ان کا احترام ہمارے مذہب کے ساتھ ساتھ ہماری معاشرتی اقدار میں بھی شامل ہے“

آرمی چیف نے سماجی ہم آہنگی کی اہمیت اور عدم برداشت کو روکنے کیلئے ملک گیر اتفاق رائے کی ضرورت پر بھی زور دیا،آرمی چیف نے قانون کی حکمرانی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ”تحفظات اور شکایات کے حل کے لیے قانونی راستے میسر ہوتے ہوئے قانون کو ہاتھ میں نہ لیا جائے“

آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ”بدعت کی بنیاد پر من مانی کارروائیاں معاشرے کے نقطہ نظر کو کمزور کرتی ہیں“ آرمی چیف نے اسلام کے حسن سلوک اور احسان کے ابدی پیغام پر بھی روشنی ڈالی۔

آرمی چیف نے پاکستان کے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو بھی سراہا

خیال رہے کہ  نڈر افسر شہربانو نقوی نے 26 فروری کو لاہور کے اچھرہ بازار کے مشتعل ہجوم سے ایک خاتون کو بحفاظت نکالا تھا۔

مزیدخبریں