پی ایس ایل 9: اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو یک طرفہ مقابلے کے بعد شکست دیدی

Feb 28, 2024 | 18:46:PM

(افضل بلال) پی ایس ایل کے 15ویں مقابلے میں کراچی کنگز کو اسلام آباد یونائیٹڈ نے یک طرفہ مقابلے کے بعد شکست دے دی۔

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہونے والے پہلے اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے 15ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہوم سائیڈ کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ہوم سائیڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز سکور کئے جن کو اسلام آباد یونائیٹڈ نے باآسانی مکمل کر لیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے اوپنر بلے باز کولن منرو 47 گیندوں پر 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 82 رنز کی میچ وننگ جارحانہ اننگز کھیل کر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جبکہ دوسرے اوپنر بلے باز ایلکس ہیلز 35 گیندوں پر 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عماد وسیم بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹے، سلمان علی آغا 17 گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے 25 اور شاداب خان 11 گیندوں پر 10 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے، کراچی کی جانب سے حسن علی اور تبریز شمسی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، کس ملک کے کھلاڑی نے کارنامہ کتنی گیندوں پر سرانجام دیا؟

کراچی کنگز کی جانب سے کیرن پولارڈ 28 گیندوں پر 48 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں بلے باز رہے، لوئس ڈی پلوئے نے 15 گیندوں پر 24، عرفان خان نیازی نے 22 گیندوں پر 27 اور کپتان شان مسعود نے 30 رنز کی اننگز کھیلی، اسلام آباد یونائیٹڈ کے  نسیم شاہ نے 4 اوور میں 29 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی، عماد وسیم نے 4 اوور میں 20 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی، کپتان شاداب خان 3 اوورز میں 18 رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے جبکہ رومان رئیس 4 اوورز  میں 45  رنز دے کر سب سے مہنگے ثابت ہوئے۔

میچ میں یک طرفہ شکست کے بعد کراچی کنگز کا نیٹ رن ریٹ بھی گر گیا جس کے باعث کنگز پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے سے پانچویں نمبر پر چلے گئے، اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطان 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی 6، 6 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں، اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز 4، 4 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پرہیں، تاہم دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز بغیر کوئی میچ جیتے بغیر کسی پوائنٹ کے ساتھ فہرست میں آخری نمبر پر ہیں۔

ٹاس کے موقع پر اسلام آباد یونائیٹڈٖ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ کراچی میں گیند بازوں کے لئے تھوڑا سا مارجن ہوتا ہے، کراچی کنگز کو کم سےکم سکور میں محدود کریں گے اور ہدف کو عبور کریں گے، ہمارا بولنگ اٹیک اچھا ہے اور لڑکے اچھی فارم میں ہیں، نسیم شاہ سمیت تمام بولرز اچھی گیند بازی کا مظاہرہ کریں گے، دوسری جانب کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ ہم بھی اگر ٹاس جیتتے تو بولنگ ہی کرتے لیکن ایک پروفیشنل کھلاڑی ہونے کے ناطے ہم کو ہر طرح کی سیچوایشن کے لئے تیار رہنا ہوتا ہے، ٹاس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ہوم کراؤڈ کے سامنے اچھا پرفارم کریں گے اور میچ میں کامیابی حاصل کریں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ سے حیدر علی اور ٹیمل ملز ڈراپ ہو گئے جبکہ الیکس ہیلز اور رومان رئیس ٹیم میں واپسی کریں گے،  ادھر کراچی کنگز کے بھی 2 کھلاڑی بیمار پڑ گئے، جیمز ونس اور ڈینئل سیمز پیٹ کی خرابی کے باعث آج کے میچ میں شرکت نہیں کریں گے۔

مزیدخبریں