کیا افغانستان کی ٹیم اب بھی سیمی فائنل میں پہنچ سکتی ہے؟

Stay tuned with 24 News HD Android App

(24نیوز)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں اصولی طور پر سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہو گئی،گروپ اے سے نیوزی لینڈ اور بھارت نے فائنل فور میں جگہ بنائی جبکہ گروپ بی سے آسٹریلیا اور جنوبی افریقا نے سیمی فائنل میں کھیلنے کا حق حاصل کر لیا تاہم جنوبی افریقا اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے میچ میں اگر مگر کا معاملہ درپیش ہے۔
گروپ بی کا تیسرا اور آخری میچ ہفتہ کو نیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ جنوبی افریقا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے ڈے اینڈ نائٹ میچ میں گروپ کی دوسری سیمی فائنلسٹ ٹیم کا بھی فیصلہ ہو جائے گا۔
جمعہ کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں آسٹریلیا اور افغانستان کے درمیان کھیلا جانے والا میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا اور اس طرح آسٹریلیا نے مجموعی طور پر چار پوائنٹس جوڑ کےسیمی فائنل میں جگہ بنا لی جب کہ افغانستان کے 3 پوائنٹس ہو گئے۔
ہفتے کو کراچی میں اہم ترین میچ کھیلا جائے گا۔ جنوبی افریقا کے 3 پوائنٹس ہیں جبکہ انگلینڈ دونوں میچز ہار کر ایک پوائنٹ بھی جمع نہیں کر سکاتاہم اگر انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 174 رنز سے شکست دے دی تو بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر افغانستان سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو جائے گا۔
خیال رہے کہ جنوبی افریقا نے کراچی میں اپنے پہلے میچ میں افغانستان کو شکست سے ہمکنار کیا تھا جبکہ راولپنڈی میں آسٹریلیا کے خلاف میچ بارش کی نظر ہو جانے کے بعد اسے ایک پوائنٹ ملا تھا۔
دوسری جانب انگلینڈ کو لاہور میں آسٹریلیا سے شکست کے بعد لاہور ہی میں افغانستان کے ہاتھوں بھی ناکامی اٹھانی پڑی تھی،دریں اثناجنوبی افریقہ اور انگلینڈ نے جمعہ کو نیشنل سٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس سیشنز میں شرکت کی۔دونوں ٹیموں کے درمیان ہفتے کو میچ کا آغاز دوپہر 2 بجے ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں؛ آسٹریلیا نے چیمپئںز ٹرافی کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی