یکم فروری سےتعلیمی ادارے کھل جائیں گے!!!

Jan 28, 2021 | 11:00:AM
یکم فروری سےتعلیمی ادارے کھل جائیں گے!!!
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی ) نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک بھر میں یونیورسٹیوں سمیت تمام تعلیمی اداروں کو یکم فروری  سے کھول دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے تعلیمی اداروں کو کھولنے کے حوالے سے این سی او سی کا اجلاس وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کے زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے علاوہ وفاقی اکائیوں کے تمام چیف سیکرٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔اجلاس میں ملک میں تعلیمی اداروں کو کھولنے کے علاوہ کورونا ویکسین کے حوالے سے انتظامی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم فروری سے ملک بھر کی یونیورسٹیز کے ساتھ پرائمری اور مڈل سکول کھول دیئے جائیں گے۔

ملک کے چاروں بڑے شہروں کے تعلیمی اداروں جس میں کراچی، حیدر آباد، لاہور اور پشاور شامل ہیں کے طلبا 50 فیصد کے حساب سے متبادل حکمت عملی کے تحت حاضر ہوں گے۔این سی او سی نے کورونا کے حوالے سے زیادہ شرح کے حامل شہری مراکز میں سخت ایس او پیز کے ساتھ ہفتے میں تین دن کلاسز کی اجازت کے ساتھ اداروں کو کھولنے کی اجازت دی تھی۔این سی اوسی میٹنگ کے شرکا کو بتایا گیا کہ عالمی سطح پر تعلیمی اداروں کو کھولنے سے کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ نوٹ کیا گیا تاہم محتاط حکمت عملی کے ذریعے اس معاملے پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔کورونا ویکسین کے لئے ملک بھر میں مراکز قائم کر دیئے گئے ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے ٹھٹھہ میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام صوبوں کےوزرایکم فروری سےتعلیمی ادارے کھولنے پر متفق ہیں، تمام تعلیمی ادارے یکم فروری کو کھل جائیں گے۔ ہم نے امتحانات اورتعلیمی سال کوبھی آگے بڑھادیاہے۔شفقت محمود کامزید کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہےسینٹ انتخابات میں شفافیت نظرآئے، بدقسمتی سےبولی لگتی ہے،سینٹ نشستیں خریدی جاتی ہیں، ن لیگ کوجب آئینہ دکھایا جاتا ہےتوان کواپنا مکروہ چہرہ نظرآتاہے، ن لیگ چاہتی ہے کسی طرح پھڈاڈالاجائے۔