کراچی ٹیسٹ کا تیسرا روز ، جنوبی افریقہ کی بیٹنگ جاری

Jan 28, 2021 | 11:08:AM

 (24نیوز)کراچی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں جنوبی افریقہ کے 220 رنز کے جواب میں پاکستان 378 رنز پر آؤٹ ہوگیا  جس کے بعد قومی  ٹیم کو مہمان ٹیم پر158 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔پروٹیز کی دوسری اننگز میں پاکستان کیخلاف بیٹنگ جاری ہے۔

 کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان نے 8 وکٹ کے نقصان پر 308 رنز سے اپنی ادھوری اننگز کا آغاز کیا۔حسن علی 24 رنز بنانے کے بعد  پویلین لوٹ گئے۔جس کے بعد بلے باز نعمان علی 24 رنز بناکر مہاراج  کی گیند کا شکار بنے۔ یاسر شاہ  نے 38 رنز  کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔جنوبی افریقا کی جانب سے  کیشو مہاراج  اور کگیسو رباڈانے 3،3 جبکہ  اینرچ نورجے اور لنکی نگیڈی نے 2،2، وکٹیں حاصل کیں۔پروٹیز باؤلر کگیسو رباڈان نے ساتھ ہی اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 200 وکٹیں بھی مکمل کرلی ہیں۔

واضح رہے کہ  پاکستان نے کھیل کے پہلے روز 33 رنز پر 4 وکٹیں گنوادیں تھیں جس کے بعد مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم کی شاندار سنچری کی بدولت جنوبی افریقا پر پہلی اننگز میں برتری حاصل ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔ سابق کپتان اظہر علی اور فہیم اشرف نے بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچریاں بنائیں،اظہر علی 51 رنز پر آؤٹ ہوئے اور محمد رضوان 33 رنز بنانے میں کامیاب رہے جبکہ فہیم اشرف 64 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 220 رنز بنائے تھے، پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 جب کہ ڈیبیو کرنے والے نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے 2،2 شکار کئے۔

مزیدخبریں