ارکان اسمبلی کےکلب جانے پرمعذرت خواہ ہوں:جاپانی وزیر اعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)جاپان کے وزیراعظم نے ارکان اسمبلی کے نائٹ کلب جانے پر معافی مانگ لی۔ کورونا وائرس کے باعث حکومت نے ہنگامی حالات نافذ کیے ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جاپان کے وزیراعظم نے حکومتی اتحادی اراکین کی جانب سے کورونا وائرس ایس او پیز پر عمل نہ کرتے ہوئے نائٹ کلب جانے پر معافی مانگلی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان کی اتحادی حکومت کے ارکان اسمبلی کورونا وائرس پر حکومت ہی کے احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے نائٹ کلب پہنچ گئے جس پر جاپان کے وزیراعظم یوشی ہیڈے سوگا نے پارلیمنٹ میں عوام سے معافی مانگی ہے۔
جاپان کے وزیراعظم یوشی ہیڈے سوگا نے پارلیمنٹ میں اپنے بیان میں کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب حکومت لوگوں سے خود 8 بجے کے بعد باہر نکلنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی درخواست کررہی ہے، حکومتی اتحاد کے کچھ ارکان اسمبلی نائٹ کلب گئے، میں اس حرکت پر انتہائی معذرت خواہ ہوں۔
واضح رہے کہ جاپان میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث حکومت کی جانب سے ٹوکیو میں ہنگامی حالات نافذ کیے گئے ہیں اور ملک میں تمام ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور بازار سے بھی 8 بجے دکانیں بند کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔