(24 نیوز)وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ چھوٹی چھوٹی باتیں اور گلے شکوے تو ہوتے رہتے ہیں لیکن عمران خان کی ذات سے کسی کو مسئلہ نہیں ہے۔ بہت جلد ڈرونز اتھارٹی لا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دو کمپنیو ں نے پاکستان میں ڈرونز بنانا شروع کر دیئے ہیں، ڈرونز ٹیکنالوجی کے لئے سافٹ ویئر میں ہم بہت بہتر ہیں، ہارڈ ویئر میں کچھ پیچھے ہیں، ڈرونز کا استعمال زرعی شعبے میں کریں گے۔ بہت جلد تھری ڈی پرنٹرز سے متعلق بھی پالیسی لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ فور وہیل الیکٹرک وہیکل پالیسی جلد آرہی ہے، اگلے پانچ سالوں میں روایتی گاڑیوں سےالیکٹرک وہیکل پر جائیں گے، کوشش ہے کہ الیکٹرک وہیکل پر ڈیوٹی صفر کر دیں۔ جلد اپنی ڈائلسسز، ایکس رے اور وینٹی لیٹرز مشین خود بنائیں گے، جتنا پیسہ ٹیکنالوجی میں ہے اتنا روایتی صنعت میں نہیں ہے۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ صوبائی محکموں میں خرابی ضرور ہے، ہمیں اٹھارویں ترمیم اور این ایف سی پر بات کرنی چاہیے، سیاسی جماعتوں کے انٹرنل اسٹرکچر اور صوبوں کے فریم ورکس پر بحث ہونی چاہیے۔یہ بات صحیح نہیں کہ حکومت وعدے پورے نہیں کر رہی، ہم نے میرٹ پر بھرتیاں کی ہیں، کرپشن ختم کرنے کا کہا تھا اور وہ کر رہے ہیں۔ انہوں نےکہااٹھارویں ترمیم کے بعد صوبائی معاملات صوبے کے پاس ہیں، کراچی کی سڑکیں خراب ہیں تو یہ معاملہ صوبائی ہے، اگلی بار سندھ میں بھی صوبائی حکومت پی ٹی آئی کی ہو گی۔